• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ڈیٹنگ کلچر کو اچھا اور شادی کرنے کو بُرا سمجھا جاتا ہے، فیصل قریشی

شائع November 2, 2023
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

مقبول اداکار اور میزبان فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ آج کل معاشرے میں حلال طریقے سے شادی کرنے کو بُرا اور ایک سے زائد خواتین کے ساتھ تعلقات قائم رکھنے کو اچھا سمجھا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ فیصل قریشی نے دوسری شادی ثنا فیصل سے 2010 میں کی تھی، جن سے انہیں 2 بچے، ایک بیٹی آیت اور بیٹا فرمان قریشی ہیں۔

انہوں نے پہلی شادی 18 سال کی عمر میں کی تھی جس سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے بعدازاں اداکار کی طلاق ہوگئی تھی۔

اداکار نے حال ہی میں ایف ایچ اہم پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ہونے والے سلوک اور شادی کے علاوہ معاشرے میں ڈیٹنگ کلچر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

پوڈ کاسٹ کے شروع میں بھارتی عدالت کی جانب سے پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے خلاف فیصلے سے متعلق فیصل قریشی نے کہا کہ پہلے زمانے میں پاکستانی اداکار بھارت اور بھارتی اداکار پاکستان میں کام کرنے آتے تھے، دونوں ممالک کے درمیان بہت پیار تھا، ایسا صرف یہاں نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہوتا ہے، انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقی، چینی اور جاپانی اداکار ہولی وڈ میں کام کررہے ہیں۔

فیصل قریشی نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ کیا وجہ بنی کہ بھارت میں پاکستان اداکاروں اور گلوکاروں کے ساتھ بُرا سلوک کیوں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب اپنا گھر ہوتا ہے تو یہ ڈر نہیں ہوتا کہ آپ کو کوئی دھکے دے کر باہر نکالے گا۔

فیصل قریشی نے فواد خان، سجل علی، عاطف اسلم، ہمایوں سعید، صبا قمر اور دیگر اداکاروں کی بھارت میں کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاکستانی اداکار نے بولی وڈ میں جاکر بھارتی اداکاروں کو بہت ٹف ٹائم دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستانی اداکاروں نے بولی وڈ فلموں میں کام کیا تو بھارتی اداکار حیران رہ گئے تھے، لیکن جب پڑوسی ملک جاکر کام کررہے ہوں اور وہاں پر ’بدتمیزی‘ کی جائے تو مجھ جیسے ’منہ پھٹ‘ لوگ کچھ بھی بول دیتے ہیں۔

18 سال کی عمر میں شادی ہونے کے بعد طلاق سے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ آج کل معاشرے میں ایک مرد کے چار لڑکیوں کے ساتھ افیئر ہونے کو اچھا سمجھا جاتا ہے، لیکن شادی کرکے طلاق ہوجانا بُری بات سمجھی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ طلاق یافتہ ہیں تو لوگ آپ پر تنقید کریں گے لیکن اگر آپ ایک سے زیادہ خواتین سے ڈیٹنگ کر رہے ہیں تو وہ آپ کی تعریف کریں گے، ڈیٹنگ کو گلوری فائی کیا جاتا ہے اور شادی کرنا غلط سمجھا جاتا ہے‘۔

فیصل قریشی نے ماہرہ خان کی شادی پر تنقید کرنے والوں پر افسوس کا اظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگوں کو ماہرہ خان کی شادی کو بھی نہیں چھوڑا، وہ اپنی نئی زندگی شروع کررہی ہے اور لوگ انہیں دوسری شادی کرنے پر طعنے دے رہے ہیں، یہ جہالت ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فیصل قریشی نے کہا تھا کہ انہوں نے آج تک بھارت میں کام نہیں کیا، کیوں کہ ان کی وہاں کے فلم سازوں سے نہیں بنتی، وہ ہر بات کھلے عام کہنے کی عادی ہیں، جس وجہ سے ان کے بھارتی مداح بھی ان سے ناراض رہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارت میں کسی بھی فلم کو کامیاب کرنے کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ اس میں پاکستان مخالف مواد شامل کیا جائے اور پاکستان کو کم تر دکھایا جائے۔

اداکار نے کہا تھا کہ بھارت کی نیٹ فلیکس سیریز ہوں یا فلمیں وہ اس وقت ہی کامیاب ہوتی ہیں جب ان میں پاکستان مخالف مواد شامل کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024