• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نیوزی لینڈ کو لگاتار تیسری شکست، 190 رنز کی فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں

شائع November 1, 2023

جنوبی افریقہ نے کوئنٹن ڈی کوک اور وین ڈر ڈوسن کی سنچریوں کے ساتھ ساتھ باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر 190 رنز سے بڑی فتح حاصل کر لی۔

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مابین بھارت کے شہر پونے کے مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے قائم مقام کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کرپہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں ایک، ایک تبدیلی کی گئی تھی، کیوی ٹیم میں لوکی فرگیوسن کی جگہ ٹم ساؤتھی کی واپسی ہوئی جبکہ پروٹیز نے میچ کے لیے حیران کن تبدیلی کرتے ہوئے گزشتہ میچ کے ہیرو اور مین آف دی میچ تبریز شمسی کی جگہ کگیسو ربادا کو فائنل الیون کا حصہ بنایا۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو کپتان ٹیمبا باووما اور کوئنٹن ڈی کوک نے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر باووما کی 24 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

اس کے بعد ڈی کوک کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے باؤلرز کو درمیانی اوورز میں وکٹ لینے سے باز رکھا۔

ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تین سنچریاں بنانے والے ڈی کوک نے موقع غنیمت جانتے ہوئے شان دار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اس ایونٹ میں اپنی چوتھی سنچری جڑ دی۔

انہوں نے ڈوسن کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 200 رنز کی شراکت قائم کر کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی، وہ 116 گیندوں کی مدد سے 114 رنز بنانے کے بعد ٹم ساؤدھی کی وکٹ بنے۔

دوسرے اینڈ سے ڈوسن نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور نئے بلے باز ڈویڈ ملر کے ہمراہ صرف 7 اوورز میں 78 رنز کی شراکت قائم کی، ڈوسن نے آؤٹ ہونے سے قبل 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 133 رنز کی باری کھیلی۔

اختتامی اوورز میں ڈیوڈ ملر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ورلڈ کپ میں مزید ایک ففٹی بناتے ہوئے 4 چھکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی نے دو، ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پروٹیز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے کیویز بے بس نظر آئے اور تیسرے ہی اوور میں مارکو جینسن نے ڈیون کونوے کو سلپ میں کیچ کرا کر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے رچن رویندرا اس مرتبہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 9 رنز بنانے کے بعد جینسن کی دوسری وکٹ بن گئے۔

وِل ینگ اس مرتبہ اچھی فارم میں نظر آئے اور 33 رنز کی باری کھیلی لیکن جیرالڈ کوئٹزے نے اپنے پہلے ہی اوور میں 33 رنز بنانے والے بلے باز کو ڈی کوک کے ہاتھوں وکٹوں کے عقب میں کیچ کرا دیا۔

کپتان ٹام لیتھم بھی مشکل میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور صرف چار رنز بنانے کے بعد کگیسو ربادا کی گیند پر مہاراج کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

67 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل کا ساتھ دینے گلین فلپس آئے اور دونوں نے مل کر اسکور 90 تک پہنچا دیا تاہم اسی اسکور پر کیشپ مہاراج نے مچل کی 30 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

ٹیم کی سنچری مکمل ہوئی ہی تھی کہ مہاراج نے ایک اور وار کرتے ہوئے سینٹنر کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ ٹم ساؤدھی اور جیمز نیشام بھی افریقی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے پویلین لوٹ گئے۔

9 وکٹیں گرنے کے بعد گلین فلپس نے جارحانہ انداز اپنایا اور 4 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی باری کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کی شکست کا مارجن کم کرنے سے زیادہ مزید کچھ نہ کر سکے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ نے میچ میں 190 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر لی۔

وین ڈو ڈوسن کو 133 رنز کی عمدہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ اپنے ابتدائی چاروں میچ جیتنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کی یہ ورلڈ کپ میں لگاتار تیسری شکست ہے۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ

جنوبی افریقہ: ٹمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لنگی نگیڈی، جیرارڈ کوئٹزی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024