• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، تنازع کے مزید پھیلاؤ کے آثار نمایاں

شائع October 23, 2023
فلسطینی مصنفہ اور شاعرہ ھیبہ کمال ابو ندیٰ غزہ  میں اسرائیلی بمباری میں جاں بحق ہوگئیں—فوٹو:گلف ٹوڈے
فلسطینی مصنفہ اور شاعرہ ھیبہ کمال ابو ندیٰ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں جاں بحق ہوگئیں—فوٹو:گلف ٹوڈے

اسرائیل نے غزہ میں ممکنہ زمینی کارروائی سے قبل آج مزید فضائی حملوں میں غزہ پر بمباری کی، اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ عام شہریوں کے لیے پناہ گاہیں ختم ہوتی جارہی ہیں۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اسرائیلی طیارے نے رات گئے جنوبی لبنان پر بھی حملہ کیا اور اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملہ کیا جس سے اِس تنازع کے مزید پھیلنے کے آثار پیدا ہورہے ہیں۔

آج دن کے اوائل میں اسرائیلی طیاروں نے لبنان میں 2 ’حزب اللہ سیلز‘ کو نشانہ بنایا جن کے بارے میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ وہ اسرائیل کی جانب ٹینک شکن میزائل اور راکٹ داغنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

اسرائیل کی فوج نے مزید کہا کہ اس نے حزب اللہ کے دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنایا، جس میں ایک کمپاؤنڈ اور ایک چوکی بھی شامل ہے۔

حزب اللہ نے تفصیلات بتائے بغیر آج ایک بیان میں کہا کہ اس کا ایک جنگجو مارا گیا ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تازہ ترین تنازع شروع ہونے کے بعد سے لبنان کی سرحد پر 7 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت نے گزشتہ روز بتایا کہ مغربی کنارے میں رام اللہ کے قریب جلازون پناہ گزین کیمپ میں 2 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

مصر سے تیسرا امدادی قافلہ غزہ میں داخل

رفح بارڈر کراسنگ سے امدادی قافلہ غزہ کی پٹی میں داخل ہوگیا۔

خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک درجن سے زائد ٹرکوں نے آج رفح بارڈر پار کیا۔

مصری ریڈ کراس کے ایک عہدیدار کے مطابق اِس سے قبل گزشتہ 2 روز کے دوران غزہ میں کُل 34 ٹرک داخل ہوچکے ہیں۔

مصر سے دوسرا امدادی قافلہ غزہ میں داخل

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیٹ توما نے عمان سے فون پر خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 14 امدادی ٹرکوں کا دوسرا قافلہ گزشتہ شب مصر سے رفح کراسنگ کے راستے غزہ کی پٹی میں داخل ہوگیا۔

عینی شاہدین نے اس سے قبل بارڈر پر دھماکے اور ایمبولینس کے سائرن کی اطلاع دی، اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے ایک ٹینک نے غلطی سے رفح بارڈر کے قریب مصری تنصیب پر گولہ داغ دیا۔

مصری فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی ٹینک کے گولے کے ٹکڑے لگنے سے مصر کے متعدد سرحدی محافظ معمولی زخمی ہوئے۔

ایک عینی شاہد اور طبی ذرائع نے بتایا کہ 7 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا، اسرائیل کی ڈیفنس فورس نے تفصیلات بتائے بغیر ایک بیان میں کہا کہ ڈیفنس فورس اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتی ہے، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

مصر کے سیکیورٹی و انسانی ہمدردی کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز بھیجے جانے والے امدادی قافلے میں مصر سے غزہ میں 19 ٹرک داخل ہوئے، جن میں طبی سامان اور خوراک شامل تھی، یہ واضح نہیں کہ باردڑ پر کوئی امداد روکی گئی یا نہیں۔

اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے روزانہ کم از کم 100 ٹرک درکار ہوں گے، تازہ ترین تنازع شروع ہونے سے قبل روزانہ کئی 100 ٹرک غزہ پہنچ رہے تھے۔

یورپی یونین کے اعلیٰ سفارتکار کا غزہ کیلئے تیزرفتار امداد پر زور

یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے غزہ میں امداد کی تیز رفتار فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونین حماس کے خلاف اسرائیل کی بمباری ’انسانی بنیادوں پر رکنے‘ کے حوالے سے بحث کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل انہوں نے بتایا کہ اہم یہ ہے کہ زیادہ تیزی سے اور خاص طور پر ایسی بنیادی چیزیں داخل ہوں جس کے نتیجے میں پانی اور بجلی کی فراہمی بحال ہوسکے۔

اسرائیل نے رات بھر فلسطین پر حملے جاری رکھے اور دعویٰ کیا کہ اس نے غزہ شہر اور گرد و نواح میں ’درجنوں‘ کو ہلاک کردیا جب کہ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران 260 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق خوفناک بمباری نے بنیادی نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے جب کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق کولڈ اسٹوریج سہولت نہ ہونے کے باعث درجنوں نا قابل شناخت لاشوں کو غزہ شہر میں ایک اجتماعی قبر میں دفن کیا گیا۔

گزشتہ 15 روز میں ہلاک ہونے والے تقریباً 4 ہزار 741 فلسطینیوں میں سے کم از کم ایک ہزار 873 بچے شامل ہیں، اس کے علاوہ مزید 15ہزار 898 افراد زخمی بھی ہیں۔

فلسطینی مصنفہ، شاعرہ ھیبہ کمال اسرائیلی بمباری میں جاں بحق

دوسری جانب ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق گلف ٹوڈے نے رپورٹ کیا ہے کہ فلسطینی مصنفہ اور شاعرہ ھیبہ کمال ابو ندیٰ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں جاں بحق ہوگئیں۔

فلسطینی وزارت ثقافت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مقتولہ کے لیے سوگ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہانیاں، ناول نگار اور شاعرہ تھیں۔

وہ 1991 میں سعودی عرب میں پیدا ہوئیں، ان کا تعلق بیت جرجا کے ایک پناہ گزین خاندان سے تھا جو 1948 میں بے گھر ہو گیا تھا۔

ہیبہ کمال نے بائیو کیمسٹری اور ایجوکیشنل ری ہیبلٹیشن کی تعلیم حاصل کی اور تعلیم کے شعبے میں کام کیا، انہوں نے کئی ایوارڈز بھی جیتے۔

اسرائیل کے غزہ، لبنان پر رات بھر حملے، نیتن یاہو نے اہم اجلاس طلب کرلیا

اسرائیل نے غزہ پر فضا سے بمباری کی اور اس کے طیاروں نے رات بھر جنوبی لبنان کو نشانہ بنایا جب کہ بڑھتے تنازع کا جائزہ لینے کے لیے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نے اعلیٰ جرنیلوں اور اپنی جنگی کابینہ کی میٹنگ طلب کرلی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی حملوں میں غزہ کے مرکز اور شمال کو نشانہ بنایا گیا ، میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے قریب مکان پر کیے گئے حملے میں متعدد فلسطینی جاں بحق اور دیگر زخمی ہوئے۔

حماس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اتوار کے روز ٹیلی فونک رابطے میں غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ جرائم کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024