• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:10pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:10pm Isha 6:35pm

ورلڈکپ: بھارتی پولیس نے میچ کے دوران شائقین کو ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے سے روک دیا

شائع October 21, 2023
فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

گزشتہ روز پاکستان اور آسٹریلیا کے ورلڈکپ میچ کے دوران بھارتی پولیس نے شائقین کو ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے سے روک دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

بھارت کے شہر بنگلورو کے منگلم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں تعینات بھارتی پولیس اہلکار نے مداح کو ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے سے روک دیا۔

یوٹیوبر اور میزبان مومن ثاقب نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو شئیر کی جس میں پولیس اہلکار مداح کو ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے سے روک رہے ہیں۔

45 سیکنڈ کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی جرسی میں ملبوس ایک مداح پولیس اہلکار کو کہہ رہا ہے کہ ’پاکستان سے ہوں میں ’پاکستان زندہ باد‘ نہیں بولیں گے تو کیا بولیں گے؟‘

مداح کا کہنا تھا کہ ’لوگ ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں تو ہم ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے کیوں نہیں لگاسکتے؟ جس پر پولیس اہلکار کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’زندہ باد نہیں‘۔

پولیس اہلکار کے جاتے ہی مداح دوبارہ پوچھتا ہے کہ ’میں پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کا میچ دیکھ رہا ہوں، لیکن میں پاکستان زندہ باد نہیں کہہ سکتا؟‘

بھارتی نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی نے بنگلورو کے سٹی پولیس کمشنر نے حماس اسرائیل تنازع سے متعلق بنگلورو میں ہونے والے احتجاج کے سبب اسٹیڈیم میں تعینات افسران کو خصوصی ہدایات دیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیڈیم میں موجود پولیس اہلکاروں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے دوران سخت کنٹرولنگ اقدامات اپنائے ہیں۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اسٹیڈیم کے سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ’ہمیں اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے پہلے شائقین کے پلے کارڈز اور بینرز کو چیک کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔‘

اس کے علاوہ پولیس نے شائقین کو ہدایت دی تھیں کہ احتجاج کے طور پر سیاہ لباس نہ پہنیں، تاہم پولیس نے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے دوران کسی کو مخصوص رنگ کے کپڑے پہننے سے منع نہیں کیا۔

البتہ بھارتی پولیس نے شائقین کو ہدایت دی تھی کہ وہ اشتعال انگیز نعروں والے پلے کارڈز استعمال نہ کریں۔

شائقین کو پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے سے روکنے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کچھ لوگوں نے پولیس اہلکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’شرمناک‘ ہے کہ ایک پاکستانی کو اپنے ملک کے لیے خوشی کا اظہار کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

اس سے قبل بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی کرکٹرز کو بھارتی شائقین کی جانب سے نامناسب نعروں کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

بھارتی اسپورٹس صحافی وکرانت گپتا نے پولیس کے عمل کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ ہر کسی کو اپنی ٹیم کی حمایت کا حق ہے۔

ایک اور صارف نے پی سی بی سے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’پاکستانی شائقین کیا نعرے لگائیں۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بھارت کس طرح ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے؟ یہ لڑکا پاکستان جرسی پہنے ہوئے ہے اور وہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگا سکتا؟ یہ بالکل غلط ہے۔‘

کارٹون

کارٹون : 7 نومبر 2024
کارٹون : 6 نومبر 2024