شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ کپ میں اپنے سسر شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کردیا
پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے پانچ وکٹیں لے کر ورلڈ کپ میں دو مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا اپنے سسر اور سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کردیا۔
بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستانی باؤلنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور آسٹریلین اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے سنچریوں کی بدولت 259 رنز کی شراکت قائم کی۔
آسٹریلیا نے مچل مارش کے 121 اور ڈیوڈ وارنر کی 163 رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔
تاہم آسٹریلین بلے بازوں کی شان دار بیٹنگ کے باوجود پاکستان نے اختتامی اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت میچ میں واپسی کی۔
شاہین نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 54 رنز کے عوض 5 وکٹیں اپنے نام کیں اور اس طرح وہ دوسری مرتبہ ورلڈ کپ میں ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دینے میں کامیاب رہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے اس سے قبل 2019 ورلڈ کپ میں بھی 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا اور ورلڈ کپ میں ایک ہی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر باؤلر بن گئے تھے۔
فاسٹ باؤلر نے 2019 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 35 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ورلڈ کپ میں دو مرتبہ ایک ہی اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے سسر اور سابق مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کردیا جو خود بھی عالمی کپ میں دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
شاہد آفریدی نے دونوں مرتبہ یہ کارنامہ 2011 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں انجام دیا تھا۔
شاہد آفریدی نے 23 فروری 2011 کو کینیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس کے بعد 3 مارچ 2011 کو کینیڈا کے خلاف میچ میں بھی انہوں نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض 5 کینیڈین بلے بازوں کو رخصت کیا تھا۔
ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ مرتبہ ایک ہی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز آسٹریلیا کے باؤلرز کے پاس ہے جو اب تک تین مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔