• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ورلڈ کپ: اوپنر فخرزمان گھٹنے کی انجری کا شکار

شائع October 19, 2023
فخر زمان اگلے ہفتے تک ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے — فائل/فوٹو: اے ایف پی
فخر زمان اگلے ہفتے تک ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے — فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کے تجربہ کار اوپنر فخر زمان گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں اور وہ اگلے ہفتے تک ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے اور آغا سلمان بھی بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے بتایا کہ فخر زمان گھٹنے کی انجری کی وجہ سے اگلے ہفتے تک ورلڈ کپ کے میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بیان میں کہا کہ فخر زمان کو گھٹنے کی انجری پر علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور اگلے ہفتے متوقع طور پر ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔

فخر زمان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ناکامی پر بقیہ دو میچوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور ان کی جگہ نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق حتمی ٹیم کا حصہ بنے تھے اور ورلڈ کپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف سنچری بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

قومی ٹیم نے ورلڈ کپ کا آغاز نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کیا تھا اور اس میچ میں فخر زمان صرف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے اور ان کے آؤٹ فارم ہونے کے باوجود ٹیم میں شامل کرنے پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

فخر زمان پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنائی ہے تاہم وہ ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ اور دیگر سیریز میں بھی آؤٹ آف فارم نظر آئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز آغا سلمان بھی بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف جمعے کو ہونے والے میچ سے قبل آغا سلمان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی بخار ہوا تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ قومی ٹیم کے 6 کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف شیڈول میچ کے لیے بنگلورو پہنچنے کے بعد بخار میں مبتلا ہوگئے اور انہوں نے جمعرات کو پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا۔

خیال رہے کہ آغا سلمان ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں اب تک 3 میچ کھیلے ہیں، جن میں سے ابتدائی دو میں کامیابی اور آخری میچ میں روایتی حریف بھارت سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قومی ٹیم نے پہلے میچ میں غیرمعروف ٹیم نیدرلینڈز اور دوسرے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔

احمد آباد میں بھارت کے خلاف میچ میں قومی ٹیم اچھا آغاز کرنے کے بعد صرف 191 رنز آؤٹ ہو کر حریف ٹیم کے لیے ترنوالہ بن گئی تھی، ایک موقع قومی ٹیم کا اسکور دو وکٹوں پر 155 رنز تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024