• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

غزہ کے ہسپتال پر اسرائیل کا حملہ، ملکی اور غیر ملکی نامور شخصیات کا غم و غصے کا اظہار

شائع October 18, 2023
فائل فوٹو: انسٹاگرام/اے ایف پی
فائل فوٹو: انسٹاگرام/اے ایف پی

پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ، عثمان خالد بٹ سمیت دیگر ملکی اور غیر ملکی نامور شخصیات نے غزہ کی پٹی میں الاہلی ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے حالیہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے غم اور غصے کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ رات (17 اکتوبر کو) غزہ شہر کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں زیادہ تر بچے شامل تھے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے ہسپتال کو نشانہ بنایا جس میں طبی عملہ، مریض اور بے گھر ہونے والے افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔

اسرائیل کی جانب سے ہسپتال پر حالیہ بمباری کے بعد اداکارہ اشنا شاہ نے لکھا کہ ’ہم کس چیز کا بائیکاٹ کریں؟ ہم کہاں ہڑتال کریں؟ ہم کیا کریں؟ کوئی مجھے بتائے گا کہ میں کیا کروں! فی الحال میں صرف اپنے رب سے دعا اور فریاد کرسکتی ہوں کہ اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے معصوم فلسطینیوں کی آواز بن سکتی ہوں۔‘

انہوں نے احتجاجاً سوال پوچھا کہ کوئی مجھے بتائے کہ میں فلسطینیوں کے لیے کیا کرسکتی ہوں اور کہاں سے شروع کروں۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے فوری طور پر سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنے کی اجازت کی اپیل کی۔

انہوں نے سوال پوچھا کہ کیا ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کا خون کافی نہیں؟برائے مہربانی غزہ کے لوگوں کے لیے اپنی آواز بلند کریں!

اداکارہ ارمینہ خان نے سماجی پلیٹ فارم پر لکھا کہ ’انہوں نے ایک ہسپتال پر حملہ کیا ہے! ایک ہسپتال پر!‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اب مزید ٹوئٹر استعمال نہیں کرسکتی، میں ہسپتالوں میں بچوں کے جسم کے اعضاء بکھرے ہوئے نہیں دیکھ سکتی، اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں 500 لوگ جاں بحق ہوگئے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔‘

اس کے علاوہ پاکستانی نژاد امریکی باکسر عامر خان نے بھی ہسپتال میں اسرائیل کی بمباری پر غصے کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ان حملوں کو روکنے کے لیے کچھ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ بچوں سمیت معصوم لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے، کل رات ہسپتال پر بمباری ہوئی، جہاں لوگ پہلے ہی بمباری سے زخمی ہوئے تھے وہ اس ہسپتال میں علاج کے لیے موجود تھے وہ لوگ بھی اس بمباری سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے ہسپتال کی فوٹیجز شئیر کرتےہوئے مطالبہ کیا کہ ان حملوں کو روکنے کے لیے کچھ کرنا ہوگا، عالمی رہنماؤں کو آواز اٹھانے اور ایکشن لینے کی ضرورت ہے، ہماری اپنی آنکھوں کے سامنے نسل کشی ہو رہی ہے اور کوئی مدد نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ ایسی ویڈیوز کو دیکھ کر میرا دل ٹوٹ جاتا ہے اور میں خود کو بے بس محسوس کرتا ہوں، میں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں جنگی جرائم ہوتے ہوئے دیکھوں گا اور دنیا بس دکھائی دے گی۔

باکسر عامر خان نے اسرائیلی وزیر اعظم سے غزہ پر بمباری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیامین نیتن یاہو کو جواب دینا ہوگا۔

نامور میک اپ برانڈ ہدیٰ بیوٹی کی بانی ہدیٰ قطان نے انسٹاگرام پوسٹ پر لکھا کہ ’میں غزہ میں پیش آنے والے واقعے سے خوفزدہ ہوں، غزہ کے بچوں کی زندگی خطرے میں ہے، سینکڑوں بچے پہلے ہی جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں، اور تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، یونیسیف غزہ میں مدد فراہم کر رہا ہے، لیکن انہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے، اس مشکل صورتحال میں ہمیں عطیات دینے کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024