• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم وائرل انفیکشن کا شکار، عبداللہ شفیق کو قرنطینہ کردیا گیا

شائع October 17, 2023
وائرل فلو کی وجہ سے منگل کو قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں شریک نہیں ہوئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
وائرل فلو کی وجہ سے منگل کو قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں شریک نہیں ہوئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم وائرل انفیکشن کا شکار ہو گئی ہے اور ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کے انفیکشن کا شکار ہونے کے بعد سب سے زیادہ اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

اسپورتس کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود پاکستانی ٹیم کے کئی کھلاڑی وائرل فلو کا شکار ہو گئے ہیں اور اس کا شکار ہونے والوں میں عبداللہ شفیق کے ساتھ ساتھ سعود شکیل، زمان خان، شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ وائرل سے سب سے زیادہ متاثر عبداللہ شفیق متاثر ہوئے ہیں جنہیں فلو اور بخار کی وجہ سے ان کے ہوٹل کے کمرے میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

اس وائرل فلو کی وجہ سے منگل کو قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں شریک نہیں ہوئے۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے لیگ اسپنر اسامہ میر بھی بھارت کے خلاف میچ سے قبل وائرل کا شکار ہو گئے تھے البتہ جمعہ کو آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل ان کے ساتھ ساتھ شاہین شاہ آفریدی کے بھی مکمل فٹ ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کچھ کھلاڑیوں کو گزشتہ چند دنوں کے دوران بخار رہا البتہ زیادہ تر کھلاڑی مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کڑی نگرانی میں ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی بلے باز شبمن گل ڈینگی بخار کا شکار ہونے کے سبب عالمی کپ کے ابتدائی دو میچوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا اگلا میچ کھیلنے کے لیے اتوار کو بنگلورو پہنچی تھی۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں کھیلے گئے اپنے تین میچوں میں سے دو میں فتح حاصل کی جبکہ بھارت کے خلاف میچ میں اسے شکست ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024