• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

فلسطین کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، نگران وزیر خارجہ

شائع October 15, 2023
جلیل عباس نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
جلیل عباس نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ ہم فلسطین کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، اسرائیل تاحال فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہا، اس حوالے سے مصری حکام سے رابطے میں ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل فلسطین کے عوام کی نسل کشی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بہت افسوسناک صورتحال چل رہی ہے، وہاں لوگوں کے پاس کھانا، پانی نہیں ہے، فلسطین میں خواتین بچے، محفوظ نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 70 سال سے اسرائیل نے فلسطین میں جبری قبضہ کیا ہوا ہے، اسرائیل کی ظلم و بربریت پاکستان کے لیے ناقابل قبول ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل، غزہ کے نہتے شہریوں پر بمباری کر رہا ہے۔

جلیل عباسی جیلانی نے کہا کہ ہم غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کو عالمی قوانین کی پابندی کرنی چاہیے، اسرائیل فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس جدہ میں ہوگا، پاکستان کی طرف سے میں اجلاس کی نمائندگی کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے اِس اجلاس کا واحد ایجنڈا یہی ہے کہ کس طرح اسرائیلی مظالم کو روکا جائے، فلسطینیوں کے حقوق کا کس طرح تحفظ کیا جائے، سیز فائر کس طرح کروایا جائے اور انتہائی ضروری انسانی امداد کس طرح وہاں پہنچائی جائے۔

نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسرائیل کے معاملے پر پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، مشرق وسطیٰ میں فلسطین کے مسئلے کا حل نکالنا انتہائی ناگزیر ہے، پاکستان کی فلسطین پر پوزیشن ماضی سے پیوستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے، پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ فلسطین کی حق خودارادیت کی حمایت کرنی چاہیے، پاکستان 1967 کے پہلے کے بارڈرز کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی اجلاس تمام حوالوں سے بہت بہترین فورم ہے، او آئی سی اجلاس کا مقصد تمام ممالک کا اسرائیل کے حوالے سے واضح مؤقف لینا ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ہم فلسطین کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اسرائیل تاحال فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مصری حکام سے رابطے میں ہیں، دورہ سعودی عرب کے دوران خود وہاں کے ہم منصب سے ملاقات کروں گا۔

غزہ میں وحشیانہ کارروائیاں روکنے کیلئے اجلاس طلب کیا جائے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیان میں اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) پر زور دیا کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں روکنے کے لیے فوری طور پر اجلاس طلب کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں غزہ میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم اور قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہوں، اسرائیل نے بچوں، خواتین اور معصوم لوگوں کو قتل کرکے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی تاریخ میں کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پر ظلم اور بربریت نہیں دیکھی گئی، جس کا مظاہرہ اسرائیل کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہاں تک کہ پانی، بجلی، خوراک اور ادویات کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی ہے، یہ افسوس ناک ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینی عوام کی نسل کشی سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی پر زور دیتا ہوں کہ وہ ان وحشیانہ کارروائیاں روکنے کے لیے فوری اجلاس بلائیں اور فلسطین میں مزید بربادی اور انسانی تباہی روکنے کے لیے ضروری طبی امداد، خوراک اور دیگر سامان فوری طور پر روانہ کر دی جائیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا واحد حل ہے۔

’وزیر اعظم کا دورہ چین بہت اہمیت کا حامل ہوگا‘

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بتایا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چینی صدر کی دعوت پر چین کے دورے پر جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 17 اور 18 اکتوبر کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چین میں ’ڈی آر ایف فورم‘ میں شرکت کریں گے، اس موقع پر وہ چینی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ بہت اہمیت کا حامل ہو گا، وزیراعظم چین میں زراعت، صحت، صنعت، گرین انرجی اور اسپیس ٹیکنالوجی کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کا تعلق پاکستان سے بہت مضبوط ہے، اس سے پاکستان کے معاشی حالات بہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی، چین سے مزید کارپوریشنز پر بھی بات ہو گی، چینی وزیراعظم سے ملاقات بھی ہو گی۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سنکیانگ صوبے بھی جائیں گے، وہاں وہ سنکیانگ یورنیورسٹی میں لیکچر بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دورے کے دوران سنکیانگ مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے، سنکیانگ دورہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات جاری ہے، میرے خیال میں سی پیک کامیابی کی طرف جا رہا ہے، اِس وقت پاکستان اور چین دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024