• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ سے قبل ’موسیقی کی تقریب‘ کا انعقاد، اہم شخصیات شرکت کریں گی

شائع October 11, 2023
فائل فوٹو: ٹوئٹر
فائل فوٹو: ٹوئٹر

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا ہائی وولٹیج میچ پاک-بھارت میچ دنیا کے سب سے بڑے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا لیکن اس اہم میچ سے قبل موسیقی کی بڑی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ میں لاکھوں شائقین کی شرکت کا امکان ہے، عام طور پر دونوں ممالک کے درمیان میچز عالمی سطح پر بھی ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان 7 بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں، بھارت نے ساتوں مقابلوں میں فتح حاصل کی ہے، اس بار پاکستان کی بھرپور کوشش ہوگی کہ وہ بھارت کو ہرا سکے۔

تاہم بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق 14 اکتوبر کو ہونے والے میچ سے قبل اسٹیڈیم میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے، گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری انیل پٹیل کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر، نامور بولی وڈ اداکار رجنی کانت اور امیتابھ بچن بھی میچ دیکھنے آئیں گے۔

اس کے علاوہ گلوکار اریجیت سنگھ بھی تقریب میں شرکت کریں گے، تقریب میں لائٹ شو، ڈانس پرفارمنس اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق یہ تقریب میچ سے قبل دن 12 بجکر40 منٹ پر شروع ہوگی اور دوپہر ایک بجکر 10 منٹ پر ختم ہوگی، جس کے بعد میچ ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ انیل پٹیل کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 پاکستانی میڈیا شخصیات/صحافی بھی تقریب میں شرکت کریں اور اس کےعلاوہ میچ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کچھ آفیشلز کی شرکت کا بھی امکان ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے صحافیوں کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں ویزوں کے لیے جمع کی گئیں دستاویزات سے متعلق وضاحت کے منتظر ہیں۔

آئی سی سی نے پاکستان کو 50 صحافیوں کا کوٹہ فراہم کیا تھا لیکن ملک بھر سے 206 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور کوٹہ میں شامل نہ ہونے والے صحافی ان کی درخواست مسترد ہونے کی وجوہات جاننے کے منتظر ہیں۔

اسی طرح شائقین کو بھی اندھیرےمیں رکھا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق انہیں ویزا کے درخواست کے مرکز اور بھارتی ہائی کمیشن کے درمیان ہونے والی رابطوں کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ترجمان نے غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کو بتایا تھا کہ بھارت کونسل تعاون کے معاملات پر سخت محنت کر رہا ہے۔

جبکہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی سے رابطہ کیا اور ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے کے خواہش مند شائقین اور صحافیوں کو ویزے کے اجرا میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024