خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی خبر کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد اکرام کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم رہا، جس میں پولیس اسٹیشن ہتھلا اور روڑی پولیس چیک پوسٹ پر حالیہ دہشت گردی کے حملے بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک اور دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 8 اور 9 اکتوبر 2023 کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع ژوب میں سمبازا کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے میجر اور ایک حوالدار شہید ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی تھی جہاں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
اس سے قبل 29 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔
اس کے علاوہ 29 ستمبر کو ہی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع مردان اور پاراچنار میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کی تھیں جہاں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کردیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا تھا۔