• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

ورلڈکپ: دفاعی چمپیئن انگلینڈ کی بہترین کارکردگی، بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست

شائع October 10, 2023
انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو باآسانی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو باآسانی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: انگلینڈ کرکٹ ایکس
— فوٹو: انگلینڈ کرکٹ ایکس

انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد اپنے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو 364 رنز کے جواب میں 227 رنز پر آؤٹ کرکے 137 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔

بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کے اوپنرز نے شکیب الحسن کے فیصلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز جوڑ دیے۔

جونی بیئر اسٹو آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 17ویں اوور کی پانچویں گیند پر گری تو اسکور 115 تھا تاہم اوپنر ڈیوڈ ملان اور تجربہ کار جو روٹ نے ایک اور طویل شراکت کرتے ہوئے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کی۔

بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلرز وکٹ لینے میں ناکام ہوئے تو شکیب الحسن نے خود پہلی وکٹ حاصل کی اور دوسری وکٹ بھی اسپنر کے حصے میں آئی اور اس مرتبہ جارحانہ بیٹنگ کرنے والے ڈیوڈ ملان کو مہدی حسن نے بولڈ کیا۔

ڈیوڈ ملان نے 107 گیندوں کا سامنا کرکے 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے اور دو مرتبہ سنچری شراکت میں حصہ دار بنے تاہم 38ویں اوور میں 266 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان جوز بٹلر بھی تیز بیٹنگ کی کوشش میں 10 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنا کر شریف الاسلام کی وکٹ بنے اور 296 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

جو روٹ نے بھی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا، ان کی اننگز 68 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 82 رنز پر مشتمل تھی۔

شریف الاسلام نے جو روٹ کو اننگز کے 42ویں اوور میں آؤٹ کیا، اس وقت انگلینڈ نے 307 رنز بنائے تھے۔

لیام لیونگسٹن کو بھی شریف الاسلام نے آؤٹ کیا اور جو کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔

ہیری بروکس 45ویں اوور میں 327 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، جنہوں نے 15 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔

سیم کرن آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے، جو 11 رنز بنا کر 334 کے اسکور پر مہدی حسن کا شکار بنے۔

عادل رشید نے 11 رنز بنائے اور 49ویں اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہوئے، عادل کو 352 کے اسکور پرمہدی حسن نے آؤٹ کیا۔

آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز کرس ووکس تھے، جو 11 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنا کر انگلینڈ کو 362 رنز تک پہنچا کر آخری اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہوئے، انہیں تسکین احمد نے پویلین بھیج دیا۔

انگلینڈ نے مارک ووڈ اور ریس ٹوپلی کے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 6 اور ایک رن کی بدولت مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 364 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 8 اوورز میں 71 رنز دے کر سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔

شریف الاسلام نے 10 اوورز کرائے اور 75 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تسکین احمد اور کپتان شکیب الحسن کو ایک،ایک وکٹ ملی۔

بنگلہ دیش کے بلے باز پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں شروع میں ہی دباؤ کا شکار نظر آئے اور پہلی وکٹ دوسرے اوور میں صرف 14 رنز پر گری، جب ریس ٹوپلی نے تنزید حسن کو اپنی اننگز ایک رن سے آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی اور وکٹ کیپر کا کیچ بنا دیا۔

ریس ٹوپلی نے اگلی ہی گیند پر نئے آنے والے بلے باز نجم الحسین شانٹو کو صفر پر آؤٹ کر دیا اور بنگلہ دیش کو بڑا دھچکا دیا۔

کپتان شکیب الحسن نے اوپنر لٹن داس کا ساتھ 26 رنز تک دیا تاہم ان کا حصہ صرف ایک رن تھا اور وہ ریس ٹوپلی کی تیسری وکٹ بن گئے۔

مہدی حسن میراز نے 7 گیندوں پر 8 رنز بنا کر 49 کے مجموعے تک لٹن داس کا ساتھ دیا اور کرس ووکس کی گیند پر وکٹ کیپر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

مشفق الرحیم اور لٹن داس نے پانچویں وکٹ میں اچھی شراکت کی اور اسکور 20 اوورز میں 121 رنز تک پہنچایا اور اس دوران لٹن داس نے نصف سنچری بھی بنائی۔

لٹن داس کی 66 گیندوں پر 7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بننے والی 76 رنز کی اننگز کا خاتمہ کرس ووکس نے کردیا اور ان کا کیچ کیپر بٹلر نے تھاما۔

مشفق الرحیم نے پراعتماد بیٹنگ کی کوشش کی اور 64 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی لیکن پھر ریس ٹوپلی نے انہیں 31ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ کر دیا۔

بنگلہ دیش کی 6 وکٹیں 164 پر گرچکی تھیں اور ٹیم کے مرکزی بلے باز پویلین لوٹ گئے تھے اور جب اسکور 39 اوورز میں 189 رنز پر پہنچا اور توحید ہریدوئے نے 61 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مہدی حسن 41ویں اوور میں 195 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 32 گیندوں پر 14 رنز بنائے تھے۔

شریف الاسلام 14 گیندوں پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آٹھویں بلے باز تھے، جو 46ویں اوور کی چوتھی گیند پر 221 کے اسکور پر مارک ووڈ کی میچ میں واحد وکٹ بن گئے۔

تسکین احمد 25 گیندوں پر 15 رنز بنا کر سیم کرن کی وکٹ بنے اور بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 49ویں اوور کی دوسری گیند پر 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے 137 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی سمیٹ لی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم انگلینڈ کے 364 رنز کے جواب میں 49ویں اوور کی دوسری گیند پر 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 137 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ کے ریس ٹوپلی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی اور اپنے 10 اوورز کے کوٹے میں 43 رنز دیے۔

کرس ووکس نے 8 اوورز میں 49 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دیگر باؤلرز نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کو 140 رنز کی شان دار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کے بعد پانچویں نمبر پر آگئی اور اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرلیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کونوے اور رچن رویندرا کی شاندار بیٹنگ کے ساتھ ساتھ عمدہ باؤلنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب میگا ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت افغانستان کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا اور 157 رنز کا ہدف 35ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، لیام لیونگسٹن، ہیری بروک، کرس ووکس، سیم کرن، عادل رشید، مارک ووڈ، ریس ٹاپلی

بنگلہ دیش: شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسین شانتو، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر)، توحید ہردوئی، مہدی حسن، تسکین احمد، شرف الاسلام، مستفیض الرحمٰن

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024