• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

ورلڈ کپ 2023: کوہلی اور راہل کی عمدہ بیٹنگ، آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں شکست

شائع October 8, 2023
لوکیس راہُل کو 97 رنز کی عمدہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
لوکیس راہُل کو 97 رنز کی عمدہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
بھارتی اسپنرز نے چھ آسٹریلین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
بھارتی اسپنرز نے چھ آسٹریلین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا اور میزبان ٹیم بھارت مدِ مقابل ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا اور میزبان ٹیم بھارت مدِ مقابل ہیں— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے لوکیش راہل اور ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

میچ میں بھارت کو تیسرے ہی اوور میں اس وقت مچل مارش کی وکٹ ملی جب بمراہ کی گیند پر سلپ میں کھڑے ویرات کوہلی نے ان کا عمدہ کیچ لیا۔

ڈیوڈ وارنر کا ساتھ نبھانے اسٹیون اسمتھ آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت بنائی لیکن اس سے قبل یہ ساجھے داری بھارت کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوتی، وارنر 41 رنز بنانے کے بعد بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو کی گیند پر انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے۔

نئے بلے باز مارنس لبوشین نے اسمتھ کے ساتھ مل کر اسکور کو 110 تک پہنچایا لیکن اس سے قبل کہ اسمتھ نصف سنچری مکمل کرتے، جدیجا نے ایک خوبصورت گیند پر ان کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔

جدیجا کا یہ اسپیل میچ کا ڈرامائی موڑ ثابت ہوا کیونکہ انہوں نے اپنے اگلے اوور میں مارنس لبوشین کو آؤٹ کرنے کے بعد ایلکس کیری کو بھی کھاتا کھولنے سے پہلے پویلین واپس روانہ کردیا۔

گلین میکسویل بھی مشکل وقت میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور کلدیپ یادیو نے انہیں بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی جبکہ اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر ایشون نے بھی ہاتھ صاف کرنے میں دیر نہ کی اور کیمرون گرین کا کام تمام کردیا۔

پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک کی جوڑی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 25 رنز جوڑے لیکن بمراہ کے آگے آسٹریلین کپتان کی چل نہ سکی اور وہ بھی 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

اختتامی اوورز میں مچل اسٹارک نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 28 رنز کی باری کھیلی جو اننگز کا تیسرا سب سے بڑا اسکور ثابت ہوا لیکن سراج نے انہیں آؤٹ کر کے آسٹریلین ٹیم کی بساط 199 رنز پر لپیٹ دی۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے تین جبکہ بمراہ اور کلدیپ نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

بھارت کی اننگز کا آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں مچل اسٹارک کی باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں ایشان کشن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ابھی بھارتی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگل اوور میں جوش ہیزل وُد کی گیند وکٹوں کے بالکل سامنے پیڈ پر لگنے کے جرم میں روہت شرما ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

آسٹریلیا کو تیسری وکٹ کے لیے محض ایک گیند کا انتظار کرنا پڑا اور شریاس آئیر ہیزل وُڈ کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کو آسان کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔

2 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور انہیں جلد ہی چوتھا نقصان بھی پہنچتا لیکن مچل مارش، ویرات کوہلی کا ایک آسان کیچ نہ لے سکے۔

مایہ ناز بلے باز نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور لوکیش راہُل کے ہمراہ ذمے دارناہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا۔

دونوں نے ابتدائی 15 اوورز میں محتاط انداز میں اپنایا لیکن ٹیم کی نصف سنچری مکمل ہونے کے بعد دونوں کے رنز بنانے کی رفتار میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور جلد ہی دونوں نے اپنی اپنی ففٹی مکمل کر لی۔

دونوں مڈل آرڈر بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 165 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی اور جب ویرات کوہلی چھ چوکوں سے مزین 85 رنز کی بازی کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے تو بھارت کو فتح کے لیے مزید محض 33 رنز درکار ہیں۔

اس کے بعد بھارت نے مزید کسی پریشانی کے بغیر 52 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا اور ورلڈ کپ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔

راہُل نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 115 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

بھارت: روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا، رویچندرن ایشون، کلدیپ یادیو، جسپرت بمراہ، محمد سراج۔

آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، مارنس لبوشانے، گلین میکسویل، ایلکس کارے، کیمرون گرین، مچل اسٹارک، ایڈم زیمپا، جوش ہیزلووڈ۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024