• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

منفی کرداروں کی وجہ سے لوگ میرے بچوں کو طعنے دیتے ہیں، عدنان شاہ ٹیپو

شائع October 6, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

مقبول اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے منفی کرداروں کی وجہ سے لوگ ان کے بچوں کو طعنے دیتے ہیں، جس پر وہ بچوں کو سمجھاتے ہیں کہ جس طرح لوگ انہیں بتا رہے ہیں وہ ایسی شخصیت کے مالک نہیں۔

عدنان شاہ ٹیپو کو عام طور پر منفی کرداروں کی وجہ سے شہرت حاصل ہے، انہوں نے ہولی وڈ سے لے کر بولی وڈ فلموں تک منفی کردار ادا کیے ہیں۔

عدنان شاہ ٹیپو پاکستانی فلموں سمیت ڈراموں بھی زیادہ تر منفی اور معاون کرداروں میں دکھائی دیتے ہیں اور ان کی اداکاری کو بہت سراہا جاتا رہا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے کامیڈی شو ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ جلد ہی ان کی ایک نئی فلم ریلیز ہونے والی ہے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان، بھارت اور ہولی وڈ انڈسٹری میں فرق بتاتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک میں پروفیشنل ازم کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے جب کہ پاکستان میں لوگ سنجیدہ نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کردار کو بڑے شوق اور محبت سے کرتے ہیں، بعض مرتبہ انہیں خود سمجھ نہیں آتا کہ انہوں نے فلاں کردار اس قدر بہترین کیسے ادا کیا۔

ان کے مطابق ان کے کام کی لگن کی وجہ سے کبھی کبھار خود ہی ان سے بہترین طریقے سے کردار ادا ہوجاتا ہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کام کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں۔

عدنان شاہ ٹیپو کا کہنا تھا کہ جس دن ان کا کام سے دل اٹھ گیا یا ان سے اچھے طریقے سے کام نہیں ہوا، وہ اداکاری چھوڑ دیں گے۔

آج تک مرکزی کردار نہ کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ہر کردار کو مرکزی سمجھ کر ادا کرتے ہیں، انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ ان کا کردار پانچ منٹ کا ہے یا ایک گھنٹے کا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں ہر طرح کے کردار کرنا پسند ہے لیکن انہیں منفی کرداروں میں زیادہ مزہ آتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عدنان شاہ ٹیپو نے کہا کہ وہ بچوں کے ساتھ منفی کرداروں پر مبنی اپنے ڈرامے یا فلمیں نہیں دیکھ سکتے اور خصوصی طور پر ان کی دو چھوٹی بیٹیاں زیادہ حساس ہیں، وہ سمجھ نہیں پاتیں۔

انہوں نے مثال دی کہ کچھ عرصہ قبل وہ بیٹیوں کے ہمراہ ایک ڈراما دیکھ رہے تھے، جس میں ایک اداکار ان پر تشدد کرتا ہے، تب ان کی چھوٹی بیٹی سے وہ ڈراما دیکھا ہی نہیں جا رہا تھا۔

عدنان شاہ ٹیپو نے اعتراف کیا کہ منفی کرداروں کو ادا کرنے کے بعد بچوں کو سمجھانا یا ان کے ساتھ ڈرامے یا فلمیں دیکھنا مشکل ہوتا ہے۔

ان کے مطابق ان کے منفی کرداروں کی وجہ سے ان کے بچوں کو لوگ طعنے دیتے ہیں اور کلاس فیلوز بھی انہیں باتیں بتاتے ہیں، تب وہ بچوں کو سمجھاتے ہیں کہ وہ ایسے شخص نہیں، جس طرح کا لوگ انہیں پیش کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024