• KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:01pm
  • LHR: Maghrib 6:19pm Isha 7:41pm
  • ISB: Maghrib 6:25pm Isha 7:50pm
  • KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:01pm
  • LHR: Maghrib 6:19pm Isha 7:41pm
  • ISB: Maghrib 6:25pm Isha 7:50pm

دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں خفت آمیز شکست

شائع October 5, 2023
ڈیون کونوے اور رچن رویندرا 200 سے زائد رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ڈیون کونوے اور رچن رویندرا 200 سے زائد رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کونوے اور رچن رویندرا کی شاندار بیٹنگ کے ساتھ ساتھ عمدہ باؤلنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

گزشتہ میگا ایونٹ کی چیمپئن انگلینڈ اور رنرز اپ نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی جس نے افتتاحی میچ کی خوبصورتی کو گہنا دیا— فوٹو: اے ایف پی
اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی جس نے افتتاحی میچ کی خوبصورتی کو گہنا دیا— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز ڈیوڈ ملان اور جونی بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن ملان 14 رنز بنانے کے بعد میٹ ہنری کی وکٹ بن گئے۔

اسکور 64 تک پہنچا ہی تھا کہ 33 رنز بنانے والے بیئراسٹو نے مچل سینٹنر کی گیند کو کور کے اوپر سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ سیدھا ڈیرل مچل کو کیچ دے بیٹھے۔

جو روٹ نے 86 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز
جو روٹ نے 86 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز

ہیری بروک نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور رچن رویندرا کو مڈ وکٹ پر دو چوکے اور ایک چھکا لگایا لیکن مڈوکٹ پر ہی ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں وہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 16 گیندوں میں 25 رنز بنائے۔

معین علی کو اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا لیکن یہ تجربہ ناکامی سے دوچار ہوا اور آل راؤنڈر صرف 11 رنز بنانے کے بعد گلین فلپس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس دوران تجربہ کار جو روٹ دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ کپتان جو بٹلر کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 70 رنز جوڑے۔

انگلینڈ کے بلے باز معین علی کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بولڈ ہونے کا منظر — فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے بلے باز معین علی کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بولڈ ہونے کا منظر — فوٹو: اے ایف پی

بٹلر اچھی فارم میں نظر آئے اور 2 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی باری کھیلی لیکن میٹ ہنری کی اندر آتی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

لیام لیونگسٹن بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 20 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کا شکار بن گئے۔

تاہم انگلینڈ کے بڑے اسکور کی امیدوں کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب 77 رنز بنانے والے جو روٹ ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں گلین فلپس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

انگلش کپتان جوز بٹلر کی وکٹ لینے کے بعد میٹ ہنری کا فاتحانہ انداز
انگلش کپتان جوز بٹلر کی وکٹ لینے کے بعد میٹ ہنری کا فاتحانہ انداز

کرس ووکس بھی مشکل میں ٹیم کے کام نہ آسکے اور 11 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ سیم کرن بھی 14 رنز بنا کر ہنری کی تیسری وکٹ بن گئے۔

اختتامی اوورز میں توقعات کے برعکس انگلینڈ کی ٹیم زیادہ جارحانہ بیٹنگ نہ کر سکی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتاہے کہ انگلینڈ نے آخری پانچ اوورز میں صرف ایک چھکا لگایا اور وہ کوئی چوکا بھی نہ لگا سکے۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3 جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

جو روٹ ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے بولڈ ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
جو روٹ ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے بولڈ ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو سیم کرن نے اپنے اوور کی پہلی ہی گیند پر وِل ینگ کو کپتان جو بٹلر کی مدد سے چلتا کردیا۔

تاہم پہلی وکٹ کے بعد انگلش باؤلرز وکٹ کے حصول کے لیے ترس کر رہ گئے کیونکہ ڈیون کونوے اور رچن ویندرا نے بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر انگلش باؤلرز کو دن میں تارے دکھا دیے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناصرف بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ جارحانہ انداز سے کھیلتے تقریباً 8 رن فی اوور کی اوسط سے رنز بنا کر انگلش باؤلر کے حوصلے پست کر دیے۔

مین آف دی میچ رچن رویندرا نے 123 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
مین آف دی میچ رچن رویندرا نے 123 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے بعد مزید جارحانہ انداز اپنایا اور تیزی سے سنچری کی جانب پیش قدمی کی۔

جلد ہی کونووے نے 83 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور رویندرا نے بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے 82 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا سلسلہ برقرار رکھا اور اپنی ٹیم مزید کسی نقصان کے بغیر باآسانی 37ویں اوور میں ہدف تک رسائی دلا کر 9 وکٹوں کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

کیوی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب نیوزی لینڈ نے ہدف حاصل کیا تو 82گیندیں باقی تھیں۔

ڈیون کونوے کا سنچری مکمل کرنے کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
ڈیون کونوے کا سنچری مکمل کرنے کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

ڈیون کونوے نے 121 گیندوں پر 3 چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے 152 جبکہ رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل کرکٹ کا عالمی میلہ بھارت میں سج گیا جہاں دُنیا کی 10 بہترین ٹیمیں ایک ٹرافی حاصل کرنے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں کل پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہو گا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندر، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ٹرینٹ بولٹ

انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، ہیری بروک، کرس ووکس، سیم کرن، عادل رشید، مارک ووڈ

امپائرز: کمار دھرماسینا (سری لنکا)، نتن مینن (بھارت)، ٹی وی امپائر: پال ولسن (آسٹریلیا)، میچ ریفری: جواگل سری ناتھ (بھارت)

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024