• KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm

اوس کا عنصر ورلڈ کپ کو انتہائی دلچسپ بنا دے گا، بھارتی کوچ

شائع September 28, 2023
بھارتی ٹیم کے کوچ راہُل ڈراوڈ نے کہا کہ اوس کے حوالے سے کوئی بھی پیش گوئی کرنا کافی مشکل ہے— فائل فوٹو: اے پی
بھارتی ٹیم کے کوچ راہُل ڈراوڈ نے کہا کہ اوس کے حوالے سے کوئی بھی پیش گوئی کرنا کافی مشکل ہے— فائل فوٹو: اے پی

بھارتی ٹیم کے کوچ راہُل ڈراوڈ نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران اوس اور اس کی وجہ سے میدان میں نمی اس عالمی کپ کو انتہائی سنسنی خیز بنا دے گی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 50 اوورز کے ورلڈ کپ کا آغاز آئندہ ماہ 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جہاں بھارت کے 10 شہر 48 میچوں کی میزبانی کریں گے۔

ان 48 میچوں میں سے سوائے چھ میچوں کے باقی تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور بھارت میں ڈے اینڈ نائٹ میچوں میں شام کے اوقات میں اوس اور گیلی آؤٹ فیلڈ بہت اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ شام کے اوقات میں گیند گیلی ہونے کی وجہ سے اسے گرپ کرنا مشکل ہوتا ہے۔

بھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میچ میں 66 رنز سے شکست کے بعد راجکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈراوڈ نے کہا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے اور یہ کہنا مشکل ہو گا کہ کیا ہر جگہ یکساں اوس پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر میدان اور ہر دن الگ ہو گا، اوس کے حوالے سے کوئی بھی پیش گوئی کرنا کافی مشکل ہے۔

ڈے اینڈ نائٹ میچوں میں اوس باؤلرز اور فیلڈرز کو سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے کیونکہ گراؤنڈ میں فیلڈنگ کے دوران بھی گیند بالخصوص کیچز پکڑنا مشکل ہوجاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ٹیمیں اکثر ٹاس جیتنے کے بعد پہلے باؤلنگ اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتی ہیں۔

سابق بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ واقعی اوس کس حد تک میچز کے نتائج پر اثرانداز ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اسے میدانوں پر بھی میچز کھیلے ہیں جہاں میچ سے ایک دن قبل آؤٹ فیلڈ بالکل گیلی ہوتی ہے لیکن میچ کے وقت تک یہ بالکل خشک ہو چکی ہوتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا، کچھ مقامات پر اوس اہم کردار ادا کرے گی البتہ کچھ جگہوں پر ایسا نہیں بھی ہو گا جس کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ بہت زیادہ دلچسپی کا حامل ہو گا۔

بھارتی ٹیم اس وقت کھیل کے تمام فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک ہے اور وہ 8 اکتوبر کو پانچ مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلین ٹیم کے خلاف میچ سے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی جس کے بعد 14 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان کے مدمقابل ہو گی۔

ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بھارتی ٹیم دو وارم اپ میچز بھی کھیلے گی جہاں اس سلسلے کا پہلا میچ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 30 ستمبر کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024