• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

9 مئی کے واقعات: صحافی صابر شاکر، معید پیرزادہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

شائع September 27, 2023
9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پر تشدد احتجاج کے دوران املاک کی توڑ پھوڑ جلاؤ گھیراؤ دیکھنے میں آیا — فائل فوٹو: رائٹرز
9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پر تشدد احتجاج کے دوران املاک کی توڑ پھوڑ جلاؤ گھیراؤ دیکھنے میں آیا — فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو دہشت گردی اور بغاوت پر اکسانے کے الزام میں صحافی صابر شاکر اور معید پیرزادہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے صابر شاکر اور معید پیرزادہ کے دائمی وارنٹ جاری کیے۔

واضح رہے کہ دائمی وارنٹ گرفتاری سے مراد وہ وارنٹ ہے جس کی قانونی حیثیت ملزم کی گرفتاری تک برقرار رہتی ہے۔

اے ٹی سی عدالت نے حکم دیا کہ کہیں بھی نظر آنے پر پولیس، صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔

اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کے باوجود صابر شاکر اور معید پیرزادہ عدالت سے مسلسل غیر حاضر رہے۔

اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے صابر شاکر اور معید پیرزادہ کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں اسلام آباد پولیس نے بیرون ملک مقیم اینکرپرسن صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کے خلاف 9 مئی کو پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر حملے کے لیے ’بغاوت کو ہوا دینے‘ اور لوگوں کو اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

شہری ماجد محمود کی درخواست پر تھانہ آبپارہ میں درج کرائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں شکایت کنندہ نے مؤقف اپنایا تھا کہ 9 مئی کو تھانہ آبپارہ کی حدود میں ملیوڈی چوک پر تھا کہ مشتعل ہجوم نے توڑ پھوڑ اور دہشت گردی پھیلائی۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا تھا کہ یہ لوگ سادہ لوح عوام کو عسکری تنصیبات پر حملہ کرکے ملک میں دہشت گردی پھیلا کر ملک میں بغاوت اور انتشار پھیلانا چاہ رہے تھے، یہ لوگ براہ راست 9 مئی کے واقعات میں اپنے ویڈیو پیغامات اور دیگر ذرائع سے دہشت گردی کے لیے اکساتے رہے اور اس کی تشہیر بھی کرتے رہے۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا تھا کہ یہ لوگ منظم سازش کے ذریعے باہم صلاح و مشورے سے غیر ملکی اور دشمن ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور پاک فوج کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ فوجی جوانوں کے اندر بغاوت اور ان کے حلف سے روگردانی کروانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح پاک فوج کو کمزور کر کے ملک کے اندر دہشت گردی کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ نے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو پیراملٹری فورس رینجرز کی مدد سے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں ہوئے پر تشدد احتجاج کے دوران املاک کی توڑ پھوڑ جلاؤ گھیراؤ دیکھنے میں آیا۔

احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے فوجی تنصیبات، بشمول کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ اور پاکستان بھر میں ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

اس واقعے کے بعد، فوج نے اس دن کو ملکی تاریخ کا ایک ’سیاہ باب‘ قرار دیا تھا اور توڑ پھوڑ میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کیا تھا۔

بعد میں مزید سخت قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے سول اور فوجی تنصیبات پر حملے اور آتش زنی کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ سمیت متعلقہ قوانین کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ کیا۔

اس فیصلے کی قومی سلامتی کمیٹی نے بھی توثیق کی تھی، جو کہ قومی سلامتی کے امور کے لیے ملک کا اعلیٰ ترین فورم برائے رابطہ کاری ہے۔

بعد ازاں 20 مئی کو آرمی چیف نے کہا تھا کہ مئی کے سانحے میں ملوث منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کے خلاف مقدمے کا قانونی عمل آئین سے ماخوذ موجودہ اور قائم شدہ قانونی طریقہ کار کے مطابق پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت شروع ہو گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024