• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

’لوگوں نے بہت کوشش کی کہ ہماری شادی نہ ہو‘، جویریہ اور سعود قاسمی کا انکشاف

شائع September 26, 2023
— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکارہ جویریہ اور سعود قاسمی نے اپنی شادی سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ کئی لوگوں نے بہت کوشش کی کہ ہماری شادی نہ ہو، یہاں تک کہ اخبار میں ہمارا رشتہ ختم ہونے کی خبر بھی لگ چکی تھی۔

جویریہ اور سعود نے 2005 میں شادی کی تھی اور انہیں رشتہ ازدواج میں بندھے ہوئے تقریبا دو دہائیاں ہو چکی ہیں۔

اداکار سعود نے حال ہی میں ہٹ ٹی وی ڈرامہ ’ بے بی باجی’ میں اپنی اہلیہ اور اداکارہ جویریہ سعود کے ساتھ کام کیا تھا۔ ڈرامے میں سعود کے کردار کو لوگوں نے بہت پسند کیا تھا۔

جوڑے نے حال ہی میں ’دی ٹاک ٹاک شو‘ میں شرکت کی جہاں دونوں نے اپنی ذاتی زندگی، شادی اور کریئر سے متعلق انکشافات کیے۔

جویریہ نے اپنا کریئر 1995 میں جبکہ سعود قاسمی نے 1993 میں ٹی وی ڈراما گناہ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔

پروگرام کے دوران اپنی پسند کی شادی پر بات کرتے ہوئے سعود قاسمی نے انکشاف کیا کہ ان کی جویریہ سے ملاقات ایک شادی کی تقریب میں ہوئی تھی اور پہلی نظر میں انہیں پسند کرلیا اور اگلے دن جویریہ کے گھر رشتہ لینے پہنچ گئے۔

سعود قاسمی نے بتایا کہ جویریہ کے گھر رشتہ لینے کے لیے امجد صابری، شان شاہد، افضال خان (رینبو)، معمر رانا بھی ساتھ گئے تھے۔

اسی پر جویریہ نے کہا کہ ’سعود جب میرے گھر رشتہ لائے تو اچھا لگ رہا تھا کیونک جب آپ کی زندگی ٹھہری ہوئی ہوتی ہے اور اچانک اس میں کوئی بدلاؤ آتا ہے تو وہ بدلاؤ اچھا لگتا ہے، مجھے خوشی محسوس ہوئی تھی لیکن ایک ڈر بھی تھا کیونکہ فکر تھی کہ سعود کیسے ہوں گے، ماضی میں کتنی لڑکیوں کے ساتھ ان کے تعلقات ہوں گے۔‘

اس دوران جوڑے نے انکشاف کیا کہ سعود کی جانب سے رشتہ لینے کے بعد لوگوں نے بہت کوشش کی کہ ان کی شادی نہ ہو۔

جویریہ اور سعود کی ملاقات 2005 میں ہوئی تھی اور اسی سال شادی ہوگئی تھی، سعود قاسمی نے بتایا کہ ’فروری میں ہماری ملاقات ہوئی اور دسمبر میں شادی ہوئی تھی اس دوران لوگوں کی کوشش تھی کہ ہماری شادی نہ ہو، شادی کے کارڈ چھپنے کے بعد جویریہ نے مجھے فون کال کرکے بتایا کہ اخبار میں خبر آئی ہے کہ ہمارا رشتہ ختم ہوگیا ہے جس پر میں نے کہا کہ لوگوں کو باتیں کرنے دو، ہم شادی کرلیں گے۔‘

سعود نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی کی تقریبات 21 روز تک جاری تھیں، انہوں نے بتایا کہ شادی کی تقریبات کا آغاز محفل تلاوت سے ہوا پھر نعت خوانی پھر قوالی کی تقریبات پھر عمر شریف نائٹ اور اسی طرح کی دیگر تقریبات شامل تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری شادی اور نکاح کی تقریب چینلز پر لائیو تھی۔

اس کے علاوہ پروگرام کے دوران سعود نے کہا کہ انہیں بولی وڈ کی 2،3 فلموں میں کام کرنے کی آفرز آچکی ہیں، ایک فلم کے سیٹ پر اداکار علی خان کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا انہیں بھی اس فلم میں کام کی پیشکش ہوئی ہے جو مجھے بھی آفر کی گئی، یہ ایک بڑے بھارتی ڈائرکٹر کی فلم ہے۔

سعود نے کہا کہ مجھے بھارت سے تو متعدد آفرز ملتی ہیں لیکن پاکستان میں فلم کرنے کی کوئی آفر نہیں کرتا۔

قبل ازیں جویریہ نے انکشاف کیا تھا کہ سعود سے رشتہ طے ہونے کے بعد ان کے گھر ایک اداکارہ آئیں، جنہوں نے ان کی والدہ کو بتایا کہ سعود نے پہلے بھی شادی کر رکھی ہے اور انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو امریکا میں رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سعود نے انہیں بتایا کہ اسی اداکارہ نے انہیں یہ جھوٹ بولا ہے کہ جویریہ پہلے سے شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہیں۔

اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اداکارہ نے ان کا رشتہ توڑوانے کی کوشش کی لیکن ایسا ہو نہیں سکا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اداکارہ پھر ان کی شادی میں بھی شریک ہوئیں اور ان کی تمام خوشیوں میں پیش پیش رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024