• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

’ہمسفر‘ کو 12 سال مکمل، ماہرہ کی فواد خان کےساتھ نیا پروجیکٹ جلد ریلیز ہونے کی امید

شائع September 25, 2023
— فوٹو: ماہر خان انسٹاگرام
— فوٹو: ماہر خان انسٹاگرام

ماضی کا مقبول ڈراما ’ہمسفر‘ کے 12 سال مکمل ہونے پر اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اداکار فواد خان کے ساتھ نیا پروجیکٹ ’نیلوفر‘ جلد ریلیز ہوگا۔

ماہرہ خان نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمسفر کو 12 سال ہوگئے ہیں، اس دوران آپ کی محبت کا بہت شکریہ، لیکن میرے اگلے پروجیکٹ ’نیلوفر‘ کے لیے ابھی آپ کو انتظار کرنا ہوگا، اس پروجیکٹ پر ہم نے بہت محنت کی ہے۔‘

انہوں نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’امید ہے کہ نیلوفر کامیاب ہوگا۔‘

ماضی کا مقبول ڈراما سیریل ’ہمسفر‘ 2011 میں نشر ہوا تھا، ڈرامے کی کہانی نامور رائٹر فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی ہے اور اسے سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری پر بنایا گیا تھا۔

ڈرامے میں فواد خان اور ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ عتیقہ اوڈھو، حنا خواجہ بیات، بہروز سبزواری اور نور حسن رضوی نے سپورٹنگ کردار ادا کیے تھے۔

رومانوی کہانی پر مبنی ڈراما سیریل نے پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں بھی کافی پذیرائی سمیٹی تھی۔

اس کے بعد ماہرہ خان اور فواد خان کی آن اسکرین جوڑی کو بے حد پسند کیا جانے لگا تھا، ڈرامے کی کہانی کے علاوہ اس کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) بھی کافی مقبول ہوا تھا جسے وقار علی نے تحریر کیا اور گلوکارہ قرۃالعین بلوچ نے اپنی آواز میں گنگنایا تھا۔

ماہرہ خان اور فواد خان ہمسفر کے بعد فلم مولا جٹ میں ایک ساتھ آئے تھے اور اب طویل عرصے بعد دوبارہ اپنے نئے پروجیکٹ ’نیلوفر‘ میں بھی دکھائی دیں گے۔

فلم نیلوفر کی شوٹنگ کئی عرصے سے جاری تھی تاہم اس کے ریلیز ہونے کی تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا۔

’نیلوفر‘ کی کہانی امر رسول نے لکھی ہے اور وہی فلم کی ہدایات بھی دے رہے ہیں جب کہ اسے قاسم محمد پروڈیوس کر رہے ہیں۔

نیلو فر کو آئندہ برس ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—فوٹو: ماہر خان انسٹاگرام
نیلو فر کو آئندہ برس ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—فوٹو: ماہر خان انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024