مظفرآباد: دریائے نیلم میں نہاتے ہوئے 4 نوجوان ڈوب کر جاں بحق
آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں دریائے نیلم میں نہاتے ہوئے چار نوعمر طالب علم ڈوب گئے۔
مرنے والوں میں دریائے نیلم کی بالائی پٹی کے علاقے کیل سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ عدیل افضل، 17 سالہ یاسر بشیر، 18 سالہ بشیر اللہ باسط مغل اور 19 سالہ شاہد پرویز شامل ہیں۔
مرنے والے نوجوان نجی اور سرکاری اداروں میں فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے طالبعلم تھے اور مظفر آباد کے نجی ہاسٹل میں رہ رہے تھے، ان میں سے تین چہلہ بانڈی میں قائم ہاسٹل اور ایک چتر کے محلے میں رہتے تھے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ چاروں لڑکے دریا کے دائیں کنارے پر آئے اور اس دوران ان میں سے دو نہاتے ہوئے توازن کھو بیٹھے اور انہیں بچانے کے لیے بقیہ دو بھی دریا میں کود پڑے اور اس طرح چاروں لڑکے ڈوب گئے۔
ڈائیونگ سمیت دیگر آلات سے لیس جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے تربیت یافتہ رضاکار گہرے پانیوں میں اتر کر متاثرین کو ڈھونڈنے کا عمل شروع کیا لیکن کچھ دیر بعد وہ صرف دو لڑکوں کی لاشیں نکال سکے جن کی شناخت عدیل افضل اور شاہد پرویز کے نام سے ہوئی۔
مقامی ایس ایچ او عبدالواجد علوی نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن شام کے وقت روک دیا گیا اور کل صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے حادثات کا شکار ہونے والے لوگوں کو ریسکیو خدمات فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 اور ایس ڈی ایم اے جیسے ادارے بنائے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں صرف جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے رضاکاروں کو برفیلے پانی میں ڈبکی لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایس ایچ او عبدالواجد علوی نے کہا کہ اگرچہ دریائے نیلم میں پانی کا اخراج نوسیری کے مقام پر مڑنے کی وجہ سے کافی کم ہے لیکن اس کے کچھ مقامات گہرے اور تربیت یافتہ تیراکوں کے لیے بھی خطرناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم بار بار لوگوں کو تیراکی یا پانی میں جانے سے خبردار کرتے ہیں لیکن ہمارے انتباہات کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
دریں اثناء آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور استحکام پاکستان پارٹی کے علاقائی صدر سردار تنویر الیاس، پیپلز پارٹی کے علاقائی صدر چوہدری محمد یاسین اور پی ٹی آئی کے میاں اخلاق رسول اور دیگر کئی رہنماؤں نے چاروں لڑکوں کے ڈوبنے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سردار تنویر الیاس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں وادی نیلم سے تعلق رکھنے والے چار طالب علموں کے لواحقین کے لیے دکھی ہوں جو آج مظفر آباد میں ڈوب گئے، اللہ سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی دل دہلا دینے والے نقصان کو صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔