سمندری طوفان ہائیکوئی تائیوان سے ٹکرا گیا
سمندری طوفان ہائیکوئی نے مشرقی تائیوان سے ٹکرانے کے بعد تباہی مچادی جہاں طوفانی بارشوں، تیز ہواؤں کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے جب کہ ہزاروں گھر تاریکی میں ڈوب گئے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ گزشتہ 4 برسوں کے دوران اس جزیرے سے براہ راست ٹکرانے والا پہلا بڑا طوفان ہے۔
طوفان کی پیش گوئی کے بعد تقریباً 4 ہزار افراد کو زیادہ خطرہ والے علاقوں سے نکالا گیا جب کہ سیکڑوں پروازیں منسوخ اور کاروبار بند کردیے گئے۔
تائیوان کے سنٹرل ویدر بیورو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ٹائیفون ہماری دہلیز پر ہے، سہ پہر 3 بج کر 40 منٹ پر اس نے تصدیق کی کہ طوفان مشرقی تائیوان کی کم آبادی والی ساحلی پٹی سے ٹکرا گیا۔
اے ایف پی کے رپورٹر کے مطابق بھوکے رہائشی اندھیرے میں گھروں میں محصور ہوگئے رہے، ہوا کے تیز جھونکے نے درختوں کو گرا دیا اور پانی کی ٹنکیاں ہوا میں اڑ گئیں۔
طوفان نے گزشتہ روز شدت پکڑی اور شام 7 بج کر 15 منٹ کے قریب تقریباً 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔
موسمیاتی بیورو کے ترجمان نے کہا کہ اس دوران شدید بارش اور ہوائیں چلیں گی اور اس کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اثرات بہت زیادہ واضح ہوں گے، ٹائیفون پیر کی شام تک آبنائے تائیوان کی جانب رخ کرلے گا۔
پورے جزیرے میں 21 ہزار سے زیادہ گھر بجلی سے محروم ہوگئے جن میں سے بیشتر گھروں کی بجلی دوپہر تک بحال ہوئی جب کہ طوفان کے ٹکرانے کے وقت تقریبا9 ہزار گھر بجلی سے محروم تھے۔
حکام نے ہوالین کاؤنٹی میں 2 افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے جہاں سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔
ہالیئن اور تائیتنگ کاؤنٹیز کے لیے بھی طوفانی بارش کی ایڈوائزری جاری کی گئی جو کہ کم از کم پیر کی سہ پہر تک برقرار رہے گی۔
تائیوان سے ٹکرانے والا آخری بڑا طوفان 2019 میں ٹائیفون بیلو تھا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا۔
تائتنگ میں ہائیکوئی کے ٹکرانے سے قبل درخت اکھڑ گئے، تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں پر نصب سائن بورڈ اڑ گئے۔