• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

اداکار نوازالدین صدیقی اور کرکٹر عثمان خواجہ رشتے دار ہیں، سعود

شائع August 31, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماضی کے مقبول ہیرو،اداکار اور ٹی وی میزبان سعود قاسمی نے انکشاف کیا ہے کہ بولی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے والے کھلاڑی عثمان خواجہ ان کے رشتے دار ہیں۔

اداکار نے حال ہی میں ’نادر علی پوڈ کاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار کھل کر گفتگو کی اور بتایا کہ ان کا پورا خاندان مذہبی تعلیمات پر عمل کرنے والا ہے۔

اداکار نے بتایا کہ ان کے والد مولانا قاری ظاہر قاسمی وہ شخص تھے، جنہوں نے 14 اگست 1947 کو پاکستان بننے کے اعلان سے قبل ریڈیو پر تلاوت قرآن پاک کی تھی، جس کے بعد پہلی بار ریڈیو پر ریڈیو پاکستان کا اعلان ہوا اور ساتھ ہی بتایا گیا کہ اب نیا ملک تشکیل پا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے چچا قاری شاکر قاسمی نے عالمی سطح پر قرئت کا مقابلہ جیتا جب کہ ان کے چھوٹے چچا قاری وحید ظفر قاسمی معروف نعت خوان بھی ہیں۔

سعود کا کہنا تھا کہ ان کی بڑی بہن قاریہ ظہرہ نورانی نے بھی عالمی سطح پر خواتین کی قرئت کا مقابلہ جیتا اور انہوں نے عربی نعتیں پڑھیں جو عالمی سطح پر مقبول ہوئیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کا پورا خاندان مذہبی تعلیمات پر عمل کرتا ہے جب کہ ان کے بڑے بھائی بھی قاری ہیں جو اس وقت امریکا میں مقیم ہیں۔

سعود کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے نعت خوانی کے بجائے اداکاری میں آنے پر اب بھی ان کے خاندان والے انہیں یہی دعا دیتے ہیں کہ خدا تمہیں توفیق دے۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ اداکارہ جویریہ سے ان کی شادی ارینج میریج تھی، ان کے درمیان پہلے کوئی عشق نہیں تھا۔

ان کے مطابق ان کی بڑی بہن نے جویریہ کو پسند کیا اور انہیں بتایا کہ وہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر چلنے والے ڈرامے ’انا‘ میں اداکاری کرتی ہیں، جس پر انہوں نے ان کا ڈراما دیکھا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جویریہ کے گھر رشتے کے لیے انہوں نے چار بار لوگ بھیجے۔

ان کے مطابق ان کے رشتے کی بات کرنے کے لیے جانے والے افراد میں مرحوم امجد صابری، اداکار رینبو، شان اور اس وقت سندھ کے نگران وزیر برگیڈیئر (ر) حارث نواز بھی شامل تھے۔

سعود نے کہا کہ ان کی شادی 100 فیصد ارینج میریج تھی اور انہوں نے اس طرح رشتہ کروایا کہ خود کو رسی سے باندھ دیا، جہاں سے جان چھڑانا ممکن نہیں۔

شوبز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر ’بے بی باجی‘ کا دوسرا سیزن بھی آئے گا، تاہم اس حوالے سے انہیں کچھ علم نہیں۔

سعود کا کہنا تھا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ ’بے بی باجی‘ کا دوسرا سیزن آنا چاہئیے، کیوں کہ ان کے ڈرامے کا اختتام نامکمل کیا گیا ہے۔

’بے بی باجی‘ کو چند ماہ قبل اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا گیا تھا، جس میں ان سمیت ان کی اہلیہ جویریہ سعود نے بھی کردار ادا کیا تھا جب کہ سنیتا مارشل اور ان کے شوہر حسن احمد بھی کاسٹ کا حصہ تھے۔

پروگرام میں مزید بات کرتے ہوئے سعود قاسمی نے انکشاف کیا کہ بولی وڈ اداکار عدنان صدیقی ان کے دور کے رشتے دار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے خالہ زاد بھائی جو بھارت میں رہتے ہیں ان کی شادی نوازالدین صدیقی کی بہن سے ہوئی ہوئی ہے۔

اسی طرح انہوں نے انکشاف کیا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے والے کرکٹر عثمان خواجہ بھی ان کے رشتے دار ہیں اور بچپن میں دونوں ایک ساتھ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024