• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ورلڈ کپ 2023 کیلئے قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کردی گئی

شائع August 28, 2023
— فوٹو: پی سی بی/ یوٹیوب چینل
— فوٹو: پی سی بی/ یوٹیوب چینل
ذکا اشرف نے کہا کہ اس بار قومی ٹیم کے یونیفارم پر سبز پرچم اور کرکٹ اسٹار بھی ہے اور یہ ورلڈ کپ کی کامیابی کا سبب بنے گا — فوٹو: ڈان نیوز
ذکا اشرف نے کہا کہ اس بار قومی ٹیم کے یونیفارم پر سبز پرچم اور کرکٹ اسٹار بھی ہے اور یہ ورلڈ کپ کی کامیابی کا سبب بنے گا — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستانی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ٹیم متحد ہوکر آگے بڑھ رہی ہے، توقع ہے کہ ورلڈ کپ میں کامیابی ہوگی۔

لاہور میں ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی کٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ آج خاص لمحہ ہے جب ہم ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے یونیفارم کی رونمائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بار قومی ٹیم کے یونیفارم پر سبز پرچم اور کرکٹ اسٹار بھی ہے اور یہ ورلڈ کپ کی کامیابی کا سبب بنے گا۔

ذکا اشرف نے کہا کہ ہماری ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلے ہی چیمپیئن بن گئی ہے، یہ ہماری ٹیم کی ہمت اور کوشش ہے کہ جس طرح وہ آگے بڑھے ہیں اور پوری قوم کی دعائیں اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہماری ٹیم محنت کر رہی ہے، توقع ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ 2023 میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، ان شا اللہ ایشیا اور ورلڈ کپ میں ہماری کامیابی ہوگی۔

بعد ازاں ایک سوال کے جواب میں عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم سری لنکا میں ٹیم سے ملے تھے جہاں محسوس ہوا کہ ہماری ٹیم متحد ہوکر آگے بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ اور ٹیم کی طرف سے پوری تیاری کی جارہی ہے، وہ دن دور نہیں جب ٹیم پاکستان کے لیے اعزاز لائے گی، مزید کہا کہ مجھے بورڈ میں آئے مشکل سے دو ماہ ہوئے ہیں، ہم سے جو ہوگا ملک لیے کریں گے۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے تبدیل شدہ حتمی شیڈول کے اعلان کے بعد ایک مرتبہ پھر شیڈول بالخصوص پاکستان کے میچوں کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے کیونکہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگاتار دو دن میچز کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیکیورٹی خدشات کے سبب 9 اور 10 اکتوبر کو ورلڈ کپ میچز کے انعقاد پر سوالات اٹھائے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پہلے 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا لیکن بی سی سی آئی نے 15 اکتوبر کو ہونے والے اس اہم میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا کیونکہ اس دن بھارت میں مذہبی تہوار کا آغاز ہوگا۔

بھارتی بورڈ کی درخواست پر اب میچ کو ایک دن پہلے منتقل کردیا گیا ہے اور دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اس میچ کی تبدیلی کی وجہ سے دیگر میچوں کے شیڈول میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی شامل ہے۔

اسی طرح بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں شیڈول میچ کسی اور تاریخ پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ 12نومبر کو شہر اور اس خطے کا اہم ترین تہوار ’کلی پوجو‘ ہے۔

پولیس نے شہر میں مذہبی تہوار کے سبب سیکیورٹی کے خدشات سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو خط لکھ کر تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

اب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024