• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ورلڈ کپ شیڈول میں پھر تبدیلی کا امکان، پاکستان کا میچ بھی متاثر ہونے کا خدشہ

شائع August 20, 2023
حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیکیورٹی خدشات کے سبب 9 اور 10 اکتوبر کو ورلڈ کپ میچز کے انعقاد پر سوالات اٹھائے ہیں— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیکیورٹی خدشات کے سبب 9 اور 10 اکتوبر کو ورلڈ کپ میچز کے انعقاد پر سوالات اٹھائے ہیں— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے تبدیل شدہ حتمی شیڈول کے اعلان کے بعد ایک مرتبہ پھر شیڈول بالخصوص پاکستان کے میچوں کی تاریخوں میں تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے کیونکہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگاتار دو دن میچز کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیکیورٹی خدشات کے سبب 9 اور 10 اکتوبر کو ورلڈ کپ میچز کے انعقاد پر سوالات اٹھائے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کو 9 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز اور 10 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کے لیے مناسب سیکیورٹی کے حوالے سے حیدرآباد پولیس کے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

بورڈ نے ایسوسی ایشن کو اپنے جواب میں لکھا ہے کہ وہ اس حوالے سے معاملے کو جانچنے کے بعد جواب دیں گے۔

اس تمام معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے تحفظات کااظہار کرتے ہوئے بھارتی بورڈ کو کہا ہے کہ انہیں ان کے مشورے پر عمل کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی بورڈ کو پاکستان کے ورلڈ کپ میچز نیوٹرل مقام پر منعقد کرانے کے حوالے سے میرے مشورے پر عمل کرنا چاہیے تھا، اب وہ پھر شیڈول کے چکر میں پھنس گئے ہیں جس میں تقریباً ہر ہفتے تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارتی بورڈ نے ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلیاں کی ہوں بالخصوص پاکستان کے میچوں کی تاریخوں میں واضح طور پر کئی تبدیلیاں کی گئیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پہلے 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا لیکن بی سی سی آئی نے 15 اکتوبر کو ہونے والے اس اہم میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا کیونکہ اس دن بھارت میں مذہبی تہوار کا آغاز ہوگا۔

بھارتی بورڈ کی درخواست پر اب میچ کو ایک دن پہلے منتقل کردیا گیا ہے اور دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اس میچ کی تبدیلی کی وجہ سے دیگر میچوں کے شیڈول میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی شامل ہے۔

اسی طرح بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں شیڈول میچ کسی اور تاریخ پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ 12نومبر کو شہر اور اس خطے کا اہم ترین تہوار ’کلی پوجو‘ ہے۔

پولیس نے شہر میں مذہبی تہوار کے سبب سیکیورٹی کے خدشات سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو خط لکھ کر تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

اب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024