• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بشریٰ بی بی کا حکومت پنجاب کو خط، اٹک جیل میں عمران خان کو ’زہر‘ دینے کے خدشے کا اظہار

شائع August 18, 2023
بشریٰ بی بی نے ہوم سیکریٹری کو درخواست کی کہ وہ بی کلاس سہولیات فراہم کریں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
بشریٰ بی بی نے ہوم سیکریٹری کو درخواست کی کہ وہ بی کلاس سہولیات فراہم کریں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے حکومت پنجاب کو خط کئے ذریعے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اٹک جیل میں قید ان کے شوہر کو ’زہر‘ دیا جاسکتا ہے۔

بشریٰ بی بی نے 17 اگست کو پنجاب کے ہوم سیکریٹری کے نام خط میں درخواست کی کہ سابق وزیراعظم کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے راولپنڈی اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے اور خدشے کا اظہار کیا کہ وہاں ان کو زہر دیا جاسکتا ہے۔

خط میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی زندگی خطرے میں ہے جبکہ ان پر اس سے قبل دو مرتبہ حملے بھی ہو چکے ہیں اور ایک دفعہ ان کو گولی بھی لگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ انہیں جیل میں کھانے کے ذریعے زہر دیا جاسکتا ہے کیونکہ پچھلے حملے کے ذمہ داری اور سہولت کار تاحال گرفتار نہیں ہوئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحویل میں نہیں لیا۔

بشریٰ بی بی نے اپنے شوہر کی اٹک جیل میں قید کا حوالہ دیتے ہوئے فیصلے پر سوال اٹھایا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کئی وجوہات کی بنا پر جیل کے اندر بی کلاس سہولیات کے حق دار ہیں، ان وجوہات میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کے طور پر ان کی قیادت، برطانیہ کی آکسفرڈ یونیورسٹی کے معروف سابق طالب علم کی حیثیت اور پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے ماضی میں ان کا کردار شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے شوہر جیسے شخص کو ایسی جگہ ٹھہرانا جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہو وہ جیل قواعد کے خلاف ہے۔

سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی بھی اجازت نہیں ہے جو قواعد کے خلاف اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جیل حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر سہولیات فراہم کریں لیکن 12 روز گزرنے کے باوجود کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی اور جو سہولت فراہم کی گئی ہے وہ سب سے بری سیاسی جماعت کے قائد کے شایان شان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل قواعد کے مطابق عمران خان کو بی کلاس فراہم کرنے کی واضح وجوہات موجود ہیں۔

صوبائی ہوم سیکریٹری کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ آپ کی حدود میں اس حراست کی قانونی حیثیت واضح کرنے کے لیے ایک وسیع قانون انکوائری کی جائے۔

بشریٰ بی بی نے دیگر کئی معاملات کے حوالے سے درخواست کرتے ہوئے ان کے شوہر کو بی کلاس سہولیات فراہم کرنے کی استدعا دہرائی اور کہا کہ ان کو گھر کے کھانے اور ذاتی معالج سے مشورے کی سہولت دی جائے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے 5 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے تین سال جیل کی سزا سنائی تھی، فیصلے کے فوری بعد انہیں پنجاب پولیس نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کیا تھا اور بعد ازاں انہیں اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے کئی مواقع پر جیل میں سابق وزیراعظم کو فراہم کی گئیں سہولیات پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے 7 اگست کو ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جیل کے حوالے سے کہا تھا کہ ’میں نے خان صاحب سے ان کی گرفتاری کے بعد جیل میں سہولیات سے متعلق دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے چکی والے اندھیرے کمرے میں رکھا جا رہا ہے، جہاں کھلا واش روم ہے اور کوئی شاور نہیں ہے‘۔

نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا تھا کہ جیل میں صبح کے وقت مکھیاں اور شام کو مچھر ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024