• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وہاب ریاض کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع August 16, 2023
وہاب ریاض نے کہا کہ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھے سپورٹ کیا — فوٹو: ڈان نیوز
وہاب ریاض نے کہا کہ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھے سپورٹ کیا — فوٹو: ڈان نیوز

مایہ ناز فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے اور فرنچائز کرکٹ کی جانب توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب کی نگران حکومت میں بطور وزیرِ کھیل خدمات سرانجام دینے والے وہاب ریاض نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں باضابطہ طور پر اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے اہلخانہ، کوچز، ٹیم کے ساتھیوں، مداحوں اور ہر اس شخص کا بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھے سپورٹ کیا۔

اس حوالے سے وہاب ریاض کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا انتخاب کیا ہے تاکہ فرنچائز کرکٹ کے لیے اپنی توانائیاں وقف کرسکیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وہاب ریاض ایک مختلف پلیٹ فارم سے کرکٹ کے لیے اپنے جنون کو جاری رکھنے کے لیے پرجوش ہیں اور شائقین اور ساتھی کھلاڑیوں کے لیے فرنچائز کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اپنی مہارت اور تجربہ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ میں گزشتہ 2 برسوں سے اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں بات کرتا آرہا ہوں کہ 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا میرا ہدف ہے، میں اب پہلے سے کہیں زیادہ آرام دہ محسوس کر رہا ہوں کہ میں نے اپنے ملک اور قومی ٹیم کی بہترین خدمت کی ہے۔

اپنے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے وہاب ریاض نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز کی بات ہے، اس باب کو الوداع کرتے ہوئے میں فرنچائز کرکٹ میں ایک نیا ایڈونچر شروع کرنے کے لیے پرجوش ہوں، جہاں مجھے امید ہے کہ میں دنیا کے بہترین باصلاحیت کھلاڑیوں کے خلاف کھیلتے ہوئے مداحوں کو تفریح اور حوصلہ افزائی فراہم کروں گا۔

جذباتی فیصلہ نہیں کررہا، ٹیم میں میرے لیے جگہ نہیں ہے، وہاب ریاض

بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں ہے، اب ٹیم میں میرے لیے جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری ترجیح انٹرنیشنل فرنچائز کرکٹ کھیلنا ہے، دنیا میں جہاں بھی موقع ملے گا میں فرنچائز کرکٹ کھیلوں گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ہے، اگر پاکستان یا باہر کہیں بھی ایسا موقع ملا تو میں اپنی خدمات ضرور فراہم کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی پاکستان کی طرف سے کھیلنا چاہتا ہوں لیکن حقیقت یہی ہے کہ یہ مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پاس شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف جیسے باؤلرز موجود ہیں جو ٹیم کی باگ ڈور سنبھال سکتے ہیں، میں جانتا ہوں کہ اب میرے لیے جگہ نہیں بنے گی، اس لیے میں نے حقیقت پر مبنی فیصلہ کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران وہاب ریاض آبدیدہ ہوگئے اور اپنے مرحوم باپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، انہوں نے اپنی ماں، بیوی اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کریئر کے دوران ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور مدد کی۔

وہاب ریاض نے کہا کہ میں کوئی جذباتی فیصلہ نہیں کر رہا، حقیقت یہی ہے کہ اب جس طرح کے باؤلرز قومی ٹیم میں کھیل رہے ہیں میرا یہ کہنا زیادتی ہوگا کہ میں ٹیم کا حصہ بنوں، لہٰذا یہ میرا جذباتی فیصلہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ وہاب ریاض ایک نامور پاکستانی کرکٹر ہیں جو ایک فاسٹ باؤلر کے طور پر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے لیے جانے جاتے ہیں، 15 سال پر محیط کیریئر کے ساتھ وہاب ریاض بین الاقوامی کرکٹ میں ایک نمایاں کھلاڑی رہے ہیں اور مختلف فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

37 سالہ وہاب نے آخری مرتبہ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، معروف کرکٹ ویب سائٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق انہوں نے پاکستان کے لیے 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

وہاب ریاض اپنے کیریئر کے دوران انٹرنیشنل میچز میں 237 وکٹیں اور ایک ہزار 104 پروفیشنل وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ، انہیں پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی اور ٹی20 فارمیٹ میں 400 سے زائد وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024