• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایشیا کپ اور افغانستان سے سیریز کیلئے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان

شائع August 9, 2023
چیف سلیکٹر انضمام الحق پاکستانی ٹیم کا اعلان کر رہے تھے — فوٹو: بشکریہ پی سی بی
چیف سلیکٹر انضمام الحق پاکستانی ٹیم کا اعلان کر رہے تھے — فوٹو: بشکریہ پی سی بی

ایشیا کپ اور افغانستان سے سیریز کے لیے پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جہاں شان مسعود قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کو دوبارہ ون ڈے ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ موقع تھا کہ ہم ایشیا کپ کے لیے 17 لڑکوں کا اعلان کریں لیکن ہم 18 لڑکوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کر رہے ہیں کیونکہ بیچ میں افغانستان سے سیریز بھی ہے۔

اسکواڈ کے کپتان بابر اعظم ہیں جبکہ بقیہ کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد رضوان، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، حارث رؤف، افتخار احمد، امام الحق، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، محمد نواز، سعود شکیل، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ یہ 18 لڑکوں کا اسکواڈ ہے جس میں 17 لڑکے ایشیا کپ کے لیے ہوں گے جبکہ سعود شکیل کو ہم نے دورہ افغانستان کے لیے منتخب کیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ہم اس کو منتخب کر سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیف سلیکٹر نے کہا کہ اس پوری ٹیم میں کوئی آل راؤنڈر نہیں تھا تو فہیم اشرف ایسا آل راؤنڈر ہے جس کی پی ایس ایل یا دوسری جگہ پرفارمنس دیکھیں تو یہ واحد فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر ہے۔

فہیم اشرف کو دو سال بعد ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور انہوں نے آخری مرتبہ جولائی 2021 میں آخری مرتبہ ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

انضمام الحق نے کہا کہ شان مسعود کو پچھلی سلیکشن کمیٹی نے موقع دیا لیکن اس کی پرفارمنس اتنی اچھی نہیں رہی، ہم نے 21 لڑکوں کا گروپ بنا رکھا ہے جس میں وہ شامل ہیں لیکن ابھی سعود شکیل اور عبداللہ شفیق نے بہتر پرفارمنس دکھائی ہے تو ہم ان کو موقع دینا چاہ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر کے ساتھ میں نے پہلے بھی تین سے ساڑھے تین سال کام کیا تھا، بابر بھی اسی وقت ٹیم میں آیا تھا اور پہلے ہمارے ساتھ رہ چکا ہے، ان کے ساتھ کام کرنا کوئی نئی چیز نہیں ہے، بریڈبرن بھی اس وقت بحیثیت فیلڈنگ کوچ ٹیم سے منسلک تھے، ان سب نے میرے ساتھ کام کر رکھا ہے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انہی کھلاڑیوں میں سے ورلڈ کپ کا اسکواڈ کا منتخب ہو گا تو انضمام نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو کسی بھی وقت منتخب کیا جا سکتا ہے، بعض اوقات ہم 20 یا 22 کا اسکواڈ بنا لیتے ہیں لیکن کبھی کبھار اس کے باہر سے بھی کھلاڑیوں کے انتخاب کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی لڑکا اگر بہترین کارکردگی دکھاتا ہے یا ٹیم کی ضرورت ہوتا ہے تو اس کو بھی لے سکتے ہیں، عماد وسیم بہت تجربہ کار باؤلر ہے اور اگر ہمیں دوسرے لیفٹ آرم اسپنر کی ضرورت محسوس ہوئی تو ہم اس پر غور کر سکتے، یہ نام ایسے نہیں کہ ہم اس کے علاوہ کسی پر غور نہیں کر سکتے۔

انضمام الحق نے دو روز قبل ہی چیف سلیکٹر کا سنبھالا تھا اور اس حیثیت سے نئے دور میں انہوں نے پہلی مرتبہ اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

افغانستان اور پاکستان کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز سری لنکا میں کھیلی جائے گی جہاں سیریز کا پہلا میچ 22 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دو میچز 24 اور 26 اگست کو کھیلے جائیں گے۔

ایشیا کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024