شبانہ اعظمی اور دھرمیندر کے ’بوسے‘ پر دونوں کے گھر والے حیران
ماضی کے مقبول بھارتی اداکار دھرمیندر اور اداکارہ شبانہ اعظمی کی جانب سے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم میں بوس و کنار کے مناظر شوٹ کروانے پر دونوں کے اہل خانہ نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔
دھرمیندر کی عمر 85 سال سے زائد ہے جب کہ شبانہ اعظمی بھی 72 سال کی ہیں اور دونوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں رومانوی مناظر شوٹ کروائے تھے۔
مذکورہ فلم میں دونوں نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا ہے، جن کے درمیان کئی سال سے کوئی تعلق نہیں تھا لیکن نوجوان پوتے کی محبت دیکھ کر ان کے جذبات بھی جاگ جاتے ہیں اور وہ بھی رومانس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کو گزشتہ ماہ جولائی کے اختتام پر ریلیز کیا گیا تھا، اس میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
فلم میں دھرمیندر اور شبانہ اعظمی کو ’بوسہ‘ دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس پر نہ صرف بھارت بھر کے افراد حیران ہیں بلکہ ان کے اہل خانہ بھی حیران ہیں۔
شوبز ویب سائٹ ’زوم‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلم میں ’بوسے‘ کا منظر شوٹ کروانے کے معاملے پر جب شبانہ اعظمی سے بات کی گئی تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر جاوید اختر کو ان کے عمل پر غصہ نہیں آیا۔
شبانہ اعظمی کے مطابق یہ سچ ہے کہ انہوں نے فلم اسکرین پر ’بوسے‘ کے مناظر کم شوٹ کروائے ہیں لیکن اب وہ ایسا منظر شوٹ کروانے سے لطف اندوز ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب اسکرین پر دھرمیندر جیسا ہینڈسم مرد ساتھی اداکار ہو تو کون انہیں ’بوسہ‘ نہیں دینا چاہے گا۔
شبانہ اعظمی نے شوہر کے رد عمل کے سوال پر دعویٰ کیا کہ جاوید اختر کو ان کے منظر پر غصہ نہیں آیا بلکہ وہ اس بات پر برہم دکھائی دیے کہ فلم میں وہ ہر وقت چلاتی کیوں دکھائی دیں؟
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے ان کے ’بوسے‘ کے مناظر دیکھنے کے باوجود ان پر برہمی کا اظہار نہیں کیا۔
دوسری جانب ’زوم‘ سے ہی بات کرتے ہوئے دھرمیندر کی اہلیہ ماضی کی مقبول اداکارہ ہیما مالنی نے کہا کہ انہوں نے شوہر اور شبانہ اعظمی کے درمیان ’بوسے‘ کے مناظر نہیں دیکھے۔
انہوں نے مختصرا بتایا کہ انہوں نے تاحال فلم نہیں دیکھی لیکن ساتھ ہی کہا کہ ان کے شوہر رومانوی مزاج ہیں، وہ نوجوانی میں بھی ایسے تھے۔
ان کے مطابق دھرمیندر گھر میں بھی مزے میں رہتے ہیں ہر وقت اپنی پرانی ویڈیوز دیکھتے رہتے ہیں۔
شبانہ اعظمی اور دھرمیندر کی جانب سے ’بوسے‘ کے مناظر پر اعتراضات سے قبل گزشتہ ماہ کاجول اور پاکستانی نژاد اداکار علی خان کے درمیان بھی ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کے ایک منظر میں ’بوس و کنار‘ پر لوگوں نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ کاجول نے اپنے 29 سالہ فلمی کیریئر میں فلموں میں ’بوس و کنار‘ کے مناظر شوٹ نہیں کروائے تو اب ایسی کون سی مجبوری تھی کہ انہیں یہ سب کرنا پڑا۔