• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی سی بی ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچوں کی تاریخ میں تبدیلی پر رضامند

شائع August 2, 2023
نئے شیڈول کا باضابطہ طور پر اعلان کیا جانا ابھی باقی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
نئے شیڈول کا باضابطہ طور پر اعلان کیا جانا ابھی باقی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے 2 میچوں کے شیڈول میں تبدیلی پر رضامندی ظاہر کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے مجوزہ شیڈول کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ اب ایک دن قبل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جو اس سے قبل 15 اکتوبر کو احمدآباد میں شیڈول تھا جبکہ قومی ٹیم کا سری لنکا کے ساتھ 12 اکتوبر کو کھیلا جانے والا میچ اب 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گزشتہ ماہ ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیا تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی درخواست پر اس میں تبدیلی لائی گئی ہے۔

بی سی سی آئی نے 15 اکتوبر کو ہونے والے پاک-بھارت میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ اس دن بھارت میں مذہبی تہوار کا آغاز ہوگا۔

نئے شیڈول کا باضابطہ طور پر اعلان کیا جانا ابھی باقی ہے، تاہم اس نئے شیڈول کا پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے نیدرلینڈز کے خلاف ابتدائی میچ (6 اکتوبر) پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جبکہ بھارت کے میچ کے بعد بھی پاکستان کے تمام میچ اپنے طے شدہ وقت پر ہوں گے۔

گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری فیصلہ کریں گے کہ آیا پاکستانی قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت جائے گی یا نہیں۔

اس کے علاوہ کمیٹی سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے احتیاط برتتے ہوئے میچوں کے مقامات کی بھی منظوری دے گی۔

11 رکنی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل (جمعرات کو) ہوگا جس میں توقع کی جارہی ہے کہ حتمی فیصلہ سامنے آجائے گا۔

اگر کمیٹی احمدآباد میں میچ کھیلنے کی منظوری دے دیتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پاک-بھارت ٹاکرا ایک لاکھ 32 ہزار تمائشیوں کی گنجائش والے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم ’نریندر مودی اسٹیڈیم‘ میں ہوگا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024