• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ متحدہ عرب امارات، شیخ محمد سے بھائی کے انتقال پر تعزیت

شائع July 28, 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی—فوٹو: ریڈیو پاکستان
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی—فوٹو: ریڈیو پاکستان
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیرخزانہ اسحٰق ڈار بھی ہیں — فوٹو: مسلم لیگ (ن) ٹوئٹر
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیرخزانہ اسحٰق ڈار بھی ہیں — فوٹو: مسلم لیگ (ن) ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ مختصر دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے اور صدر شیخ محمد بن زائد آل نہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر تعزیت کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو ان کے بھائی کے انتقال پر پاکستانی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شیخ محمد بن زاید کی جانب سے وزیراعظم کی آمد پر گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے بعد ٹوئٹ میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کے مرحوم بھائی پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے، ان کا انتقال آل نہیان خاندان کے لیے بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا گوہ ہیں۔

اس سے قبل حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں پاکستان کے سفیر اور متحدہ عرب امارات کے سینئر عہدیدار نے ابوظبی میں ان کا استقبال کیا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے پر روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ صدر محمد بن زاید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کے انتقال پر حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے اظہار تعزیت کریں گے‘۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔

قبل ازیں متحدہ عرب مارات کے صدارتی کورٹ نے شیخ سعید کے انتقال کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ریاست بھر میں تین روزہ سوگ منایا جائے گا اور 27 جولائی سے 29 جولائی تک قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شیخ سعید کو جمعرات کی دوپہر کو ابوظبی میں سپرد خاک کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شیخ سعید 1965 میں العین میں پیدا ہوئے اور جون 2010 میں ابوظبی میں فرمانروا کے نمائندے مقرر ہوئے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اپنے تعزیتی بیان میں کہا تھا کہ شیخ سعید کے انتقال پر انتہائی افسوس ہے، انہوں نے شاہی خاندان اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے تعزیت کی تھی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ شیخ سعید کے انتقال پر انہیں انتہائی افسوس ہے اور شیخ محمد بن زائد النہیان کو پہنچنے والے بھائی کے غم پر ان کے ساتھ ہمدردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024