لاہور: مسافر سے ڈالر لے جانے کے عوض رشوت طلب کرنے والا کسٹم اہلکار معطل
لاہور ایئرپورٹ پر ایک مسافر سے ڈالر باہر لے جانے کے عوض رشوت طلب کرنے والے کسٹم افسر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد افسر کو معطل کردیا گیا۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم اہلکار کی رشوت طلب کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں کسٹم اہلکار عمران الہٰی کو مسافر سے رشوت مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں کسٹم اہلکار کو مسافر سے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ پھنسنے والی بات نہ کرو، کسسٹم رولز کے مطابق مسافر 9500 کینیڈین ڈالر بیرون ملک نہیں لے جا سکتا۔
کسٹم اہلکار نے مسافر کو 100 ڈالر کے عوض پیسے لے جانے کی آفر دی اور 100ڈالر نہ دینے پر سارے ڈالر ضبط کرنے کی دھمکی دی۔
اہلکار کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگر 100 ڈالر نہیں دیے تو 9500 ڈالر ضبط کرکے دکھاتا ہوں۔
بعدازاں ایئرپورٹ پر کسٹم اہلکار کی رشوت طلب کرنے کی ویڈیو پر اعلیٰ حکام نے فوری ایکشن لیا اور ڈپٹی کلیکٹر کسٹم راجا بلال نے ویڈیو پر کارروائی کرتے ہوئے اہلکار کو معطل کرکے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2022 میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے عملے کے غیر قانونی اقدامات میں ملوث ہونے کے بارے میں حقائق جاننے کے لیے انکوائری شروع کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق معاملے میں ملوث تینوں متعلقہ اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کر دیا گیا تھا جہاں ویڈیو میں انہیں بیرون ملک جانے والے مسافر سے رشوت لیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ویڈیو میں ایک اہلکار کو اپنے ساتھیوں کے سامنے مسافر سے غیر ملکی کرنسی لیتے ہوئے دیکھا گیا تھا، اہلکار کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا تھا کہ سامان بہت زیادہ ہے، ایک شاپر لو اور دوسرا چھوڑ دو۔
ویڈیو میں اہلکار کو مسافر سے یہ کہتے سنا گیا تھا کہ اگر وہ دوسرا شاپر لینا چاہتا ہے تو کوئی خدمت کرے، اہلکار کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا تھا کہ بیگ میں یورو، پاؤنڈ یا کوئی اور چیز نہیں ہے۔
مسافر اے این ایف اہلکار کو 2 غیر ملکی کرنسی نوٹ دیتا ہے جنہیں وہ اہلکار اپنے پاس رکھ لیتا ہے، مسافر اہلکار سے کہتا ہے کہ مجھے کچھ کھانا لینا ہے جس پر اہلکار اسے کچھ رقم رکھنے دیتا ہے۔