• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’بابر اعظم کے بغیر یہ پرومو مذاق ہے‘، آئی سی سی کی ورلڈ کپ ویڈیو پر شائقین برہم

شائع July 21, 2023
— فائل فوٹو: ٹوئٹر/اسکرین شاٹ
— فائل فوٹو: ٹوئٹر/اسکرین شاٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے آفیشل پروموشنل ویڈیو جاری کر دی ہے۔

آئی سی سی نے اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل پرومو کی ویڈیو جاری کی۔

2 منٹ اور 13 سیکنڈ کی ویڈیو کے کیپشن میں آئی سی سی نے لکھا کہ ’آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں تاریخ لکھی جائے گی اور خواب سچ ہوں گے۔‘

ویڈیو میں ماضی میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی جھلکیوں کو دکھایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے میچز 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک جاری رہیں گے، پہلا میچ 2019 کی ورلڈ کپ فائنلسٹ ٹیموں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو بھارت کے سب سے بڑے احمد آباد اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پروموشنل ویڈیو کے پس منظر میں بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی آواز شامل کی گئی ہے۔

پرومو میں دکھائی جانے والی جھلکیوں میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت نمبر 2 پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے ایسے مناظر کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جو ان کی ناکامی اور مایوسی سے عبارت ہیں اور ایک خاص انداز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو دکھانے پر آئی سی سی کو کرکٹ فینز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

شائقین نے نشاندہی کی کہ پرومو میں پاکستانی کھلاڑیوں میں شاداب خان کی گیند پر بھارتی بلے باز کا چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا، وہاب ریاض کا شاٹ لگنے کے بعد مایوس ہونا اور 1992 میں انضمام الحق کا رن آؤٹ دکھایا گیا ہے۔

کئی شائقین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ویڈیو کے ایک سین میں پاکستانی فین مایوس بیٹھا ہوا ہے اور بھارتی فین اس کا جذبہ بڑھانے آتا ہے۔

اس پوری ویڈیو میں پاکستان کے صرف ایک خوشی کے لمحے کو دکھایا گیا ہے جس میں فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی وکٹ لینے کے بعد اپنے مخصوص انداز میں جشن منا رہے ہیں۔

تاہم پاکستانی شائقین آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پرومو ویڈیو سے زیادہ متاثر نہیں ہوئے اور کئی شائقین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں نمبر ون بلے باز پاکستانی کپتان بابر اعظم ویڈیو میں کہیں نظر نہیں آئے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم 2 سال سے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں اور 2021 اور 2022 کے ’آئی سی سی ون ڈے بیٹر آف دی ایئر ’کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔

پروموشنل ویڈیو میں ’پاکستانی کھلاڑیوں کے مایوس کن لمحات کی جھلکیاں دکھانے پر‘ کرکٹ فینز آئی سی سی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ’جانبداری‘ کا الزام لگا رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف احمد نجیب نے لکھا کہ ’نمبر ون بلے باز کے بغیر یہ پرومو ایک مذاق ہے‘۔

ایک ٹوئٹر صارف نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ اصلی اکاؤنٹ سے ہی پرومو ویڈیو پوسٹ کردیتے۔

عبداللہ نامی صارف نے لکھا کہ دنیا کا نمبر ایک بلے باز کہاں ہے؟ ویڈیو میں جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

اداکارہ ماورا حسین بھی ٹوئٹ کیے بنا نہ رہ سکیں، انہوں نے لکھا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہمارے ساتھ جتنی بار ایسا سلوک کیا جائے جیسے ہم موجود ہی نہیں ہیں، ہم تمام مشکلات کے باوجود دوبارہ نمبر ون رہیں گے۔‘

کامیڈین علی گُل پیر نے لکھا کہ ’سمجھ گیا کہ اس بار ورلڈ کپ میں صرف آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کھیل رہے ہیں! چلو انجوائے کریں اور لطف اندوز ہوں۔‘

زرمینے نامی صارف نے لکھا کہ ’کیا یہ بھارت کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو ہے؟ میں سمجھی آئی سی سی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے اور ون ڈے کے نمبر ون بلے باز کہاں ہیں؟‘

ارسلان نصیر نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’تھوڑا اور دکھی دکھا دو پاکستانیو کو؟؟‘

عبداللہ چیمہ نے لکھا کہ ’یہ لوگ بابر اعظم سے ڈرتے ہیں‘۔

آمنہ نے لکھا کہ ’بابر کو بھول گئے؟ چلو، وہ آپ لوگوں کو میچ میں تاریخ لکھنے میں مدد کرے گا، گیم آن ہے، چاہے آپ کا آفیشل پرومو کتنا ہی فضول کیوں نہ ہو۔‘

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024