• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

گزشتہ 14 برس سے ایسی بیماری میں مبتلا ہوں جس کا کوئی علاج نہیں، آغا علی

شائع July 19, 2023
آغا علی نے کہا کہ پاکستان میں 2008 کے بعد سے سنیما دوبارہ بحال نہیں ہوسکے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/آغا علی
آغا علی نے کہا کہ پاکستان میں 2008 کے بعد سے سنیما دوبارہ بحال نہیں ہوسکے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/آغا علی

اداکار آغا علی نے اپنی بیماری کے حوالے سے انکشاف کیا وہ گزشتہ 14 سال سے جلد کی ایک خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں جس کا دنیا میں مستقل علاج نہیں ہے تاہم اسے وقتی طور پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

آغا علی حال ہی میں نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی بیماری، کیریئر اور دیگر موضوعات سے متعلق گفتگو کی۔

بولی وڈ سے متعلق ایک سوال پر آغا علی نے کہا کہ انہیں بولی وڈ پسند ہے، لیکن حال میں انہیں شاید نظر لگ گئی ہے، کچھ فلمیں خاص اچھی نہیں آئی۔

فلموں کی آفر سے متعلق بات کرتے ہوئے آغا علی نے کہا کہ فلم نہیں ڈرامے کی آفر آئی تھی، جس کی شوٹنگ دبئی میں ہونی تھی، یہ 4 سال پرانی بات ہے، اس وقت میں کسی اور ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھا اس لیے ان کے ساتھ پروجیکٹ نہیں ہوسکا۔

فائل فوٹو: انسٹاگرام/آغا علی
فائل فوٹو: انسٹاگرام/آغا علی

آغا علی نے کہا کہ پاکستان میں 2008 کے بعد سے سنیما دوبارہ بحال نہیں ہوسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لوگ کسی فلم کو اداکار یا کاسٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ مواد اور کہانی کو دیکھ کر فلم دیکھنے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسان سب سے پہلے فلم کا ٹریلر دیکھتا ہے اگر کہانی اچھی ہوگی تو کاسٹ چاہے کوئی بھی ہو فلم سپر ہٹ جائے گی۔

انہوں نے بولی وڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کی حال ہی میں فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ فلم فلاپ ہوئی، لیکن آج بھی لوگ کہتے ہیں کہ ’ٹائیگر 3‘ کا انتظار ہے، کیونکہ فلم کی کہانی انہیں متاثر کرتی ہے، کوئی فرق نہیں پڑتا کہ فلم میں کون ہے، جب فلم کی کہانی اچھی ہے تو فلم سپر ہٹ ہوسکتی ہے۔

آغا علی نے لولی وڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ کام کسی اور کا اور اسے کرتا کوئی اور ہے، جس کی وجہ سے ہم خود سے جھوٹ بولتے ہیں۔

فائل فوٹو: انسٹاگرام/آغا علی
فائل فوٹو: انسٹاگرام/آغا علی

آغا علی نے اپنی بیماری کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گزشتہ 14 سالوں سے چنبل (psoriasis) نامی جلد کی بیماری کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چنبل کو ادویات کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے لیکن دنیا میں ابھی تک اس کا مکمل طور پر علاج سامنے نہیں آیا۔

آغا علی نے اپنے ہاتھ کی طرف اشارے کرتے ہوئے بتایا کہ چنبل سے ہاتھ، پیروں اور منہ پر سرخ دھبے پڑ جاتے ہیں، یہ دھبے کبھی بہت زیادہ ہوجاتے ہیں اور کبھی کم ہوجاتے ہیں، یہ ایسی بیماری ہے جس کے بارے میں ہم پیش گوئی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے اس بیماری کے وقتی علاج کے بارے میں بتایا کہ ذہنی تناؤ سے دور رہیں، جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے پانی زیادہ پیئیں، نیند پوری کریں، ورزش کریں، اور پریشان نہ ہوں، مجھے انڈسٹری میں 9 سال ہوگئے ہیں اور اس بیماری کے ساتھ رہتے ہوئے 14 سال ہوگئے ہیں، اس بیماری کے ہوتے ہوئے بھی اللہ نے ہمت دی ہے کہ آج سب کے سامنے بیٹھا ہوں۔

خیال رہے کہ چنبل ایک دائمی سوزش، دیرپا اور غیر متعدی جِلدی بیماری ہے، یہ مدافعتی نظام کی خرابی اور جسم کی سوزش پر مشتمل ہوتی ہے، جس میں جلد میں خارش ہونے سے سرخ رنگ کے دھبے پڑ جاتے ہیں جن کو کھجانے سے انتہائی اذیت ناک صورت اختیار کر جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024