• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دماغی فالج کا شکار ہوا تو سلمان خان نے مدد کی، راہل رائے

شائع July 15, 2023
راہل رائے ماضی کے مقبول رومانوی ہیرو ہیں—اسکرین شاٹ
راہل رائے ماضی کے مقبول رومانوی ہیرو ہیں—اسکرین شاٹ

ماضی کی مقبول میوزیکل رومانٹک فلم ’عاشقی‘ کے ہیرو 54 سالہ راہل رائے نے انکشاف کیا ہے کہ دو سال قبل جب وہ دماغی فالج کا شکار ہوئے تو ’دبنگ ہیرو‘ سلمان خان نے ان کی مدد کی۔

راہل رائے 30 نومبر 2020 کو کارگل کی اونچائی پر شوٹنگ کے دوران دماغی فالج کا شکار ہوئے تھے, انہیں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

رپورٹس تھیں کہ کارگل کے اونچے مقام پر زیادہ ٹھنڈ اور سانس لینے میں دشواری کے باعث راہل رائے دماغی فالج کا شکار ہوگئے تھے۔

راہل رائے کو کارگل کی اونچائی سے بڑی کوششوں کے بعد ابتدائی طور پر مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر لایا گیا تھا، جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے انہیں ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے نجی ہسپتال میں پہنچایا گیا تھا۔

راہل رائے پر دماغی فالج کا شدید حملہ ہوا تھا اور ان کے ذہن کے ایک حصے میں خون جم گیا تھا، جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئے تھے۔

راہل رائے 30 نومبر 2020 سے لے کر 6 جنوری 2021 تک ہسپتال میں زیر علاج رہے تھے اور ان کے علاج پر لاکھوں روپے اخراجات آئے تھے۔

صحت یابی دو سال بعد اب راہل رائے نے بیماری کے دوران اپنی مالی مشکلات پر بات کی ہے اور بتایا ہے کہ سلمان خان نے ان کی بہت مالی مدد کی۔

’بولی وڈ ہنگامہ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں راہل رائے اور ان کی بہن پریانکا رائے نے بتایا کہ بیماری کے وقت کس قدر وہ پریشان ہوگئے تھے۔

اداکار کی بہن نے بتایا کہ ان کے بھائی تو کوما میں چلے گئے تھے، اس لیے انہیں بہت ساری چیزوں کا علم نہیں لیکن وہ جانتی ہیں کہ انہوں نے کس طرح لوگوں سے مالی مدد کی اپیلیں کی۔

پریانکا رائے کے مطابق انہوں نے اپنے شوہر اور اہل خانہ سمیت راہل رائے کے دوستوں اور شوبز انڈسٹری کے لوگوں سمیت عام افراد سے بھی پیسے مانگے۔

انہوں نے بتایا کہ دماغی فالج کے حملے کے وقت ان کے بھائی جس فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اس کے ہدایت کار نے بھی صرف دو سے تین لاکھ روپے دیے جو کہ ان کا بھائی کا معاوضہ تھا۔

اداکار اور ان کی بہن نے بتایا کہ بیماری کے وقت وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگئے تھے اور رواں برس فروری تک وہ ہسپتال کے مقروض تھے لیکن پھر سلمان خان نے انہیں فون کیا اور مدد کے لیے پوچھا۔

پریانکا رائے کے مطابق انہوں نے سلمان خان سے مدد نہیں مانگی تھی لیکن انہوں نے خود ہی انہیں فون کرکے مدد کی پیش کش کی اور فروری میں انہوں نے ہسپتال کے تمام بل ادا کردیے اور آج تک کسی کو کچھ نہیں بتایا۔

اداکار کی بہن نے سلمان خان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے نیکی کی اور اس کی میڈیا میں خبر تک نہیں دی۔

اسی دوران راہل رائے نے بھی سلمان خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف سچے ہیرو ہیں بلکہ مخلص انسان اور بہترین دوست بھی ہیں۔

راہل رائے نے کہا کہ بھارتی لوگ خوامخواہ میں سلمان خان سے متعلق ایسی ویسی باتیں کرتے ہیں جب کہ وہ اس طرح کا شخص نہیں، وہ انتہائی نفیس اور اچھے انسان ہیں جو دوسروں کی مدد کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق سلمان خان نے نہ صرف ان کے تمام بل ادا کیے بلکہ ان سے دوسری طرح کی مدد سے متعلق بھی پوچھا جب کہ باقی کسی نے انہیں فون کرکے کسی طرح کی مدد کی کوئی پیش کش نہیں کی۔

راہل رائے نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ماضی میں سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام بھی کر چکے ہیں اور وہ تب سے جانتے ہیں کہ سلمان خان بہترین انسان ہیں۔

ماضی میں دونوں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ
ماضی میں دونوں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024