• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

ماہرہ خان کو متعدد بار کام کی پیش کش کرچکا، وہ نہیں مانتیں، میکال ذوالفقار کا شکوہ

شائع July 5, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

مقبول ماڈل، اداکار و پروڈیوسر میکال ذوالفقار نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں متعدد بار ماہرہ خان کو اپنے ساتھ کام کی پیشکش کر چکے ہیں لیکن وہ ان کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں ہوئیں۔

میکال ذوالفقار حال ہی میں اے پلس کے شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے متعدد معاملات پر بات کرنے سمیت شوبز اور اپنے منصوبوں پر بھی کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے پیسے کے چکر میں کچھ ایسے اشتہارات میں بھی کام کیا، جن میں انہیں کام نہیں کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے اشتہارات اور برانڈز کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام لینے سے کمپنیوں کا نقصان ہوسکتا ہے۔

میکال ذوالفقار نے اشارہ دیا کہ انہیں لگتا ہے کہ انہیں پراپرٹیز کے کچھ اشتہارات میں کام نہیں کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے پیسوں کے چکر میں ان کام کیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ ماضی میں بہت مذاق کیا کرتے تھے، تاہم اب وہ ایسے نہیں رہے۔

انہوں نے بتایا کہ لیکن انہیں اس وقت حیرت ہوئی جب انہوں نے بولی وڈ اداکار اکشے کمار کے ساتھ فلم میں کام کیا اور انہوں نے زائد العمر اکشے کمار کو بہت مذاقیہ مزاج کا شخص پایا۔

ان کے مطابق اکشے کمار اس طرح مذاق کرتے ہیں جیسے وہ کم عمر نوجوان ہوں۔

ماڈل و اداکار نے اکشے کمار کے علاوہ بھارتی اداکار انوپم کھیر کے ساتھ بھی کام کرنے کے اپنے تجربے پر بات کی۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ میکال ذوالفقار ماضی میں اکشے کمار اور انوپم کھیر کے ساتھ 2015 کی فلم ’بے بی‘ میں کام کر چکے ہیں۔

پروگرام کے دوران اپنی نامکمل خواہشات پر بات کرتے ہوئے میکال ذالفقار نے بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ ان کا بیٹا بھی ہو لیکن ایسا نہیں ہو پایا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلوکار بننا بھی ان کی خواہش تھی جب کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی ہولی وڈ فلم میں کام کریں۔

اسی طرح انہوں نے خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اسکائے ڈائیونگ کرنا بھی ان کی خواہش ہے۔

ایک سوال کے جواب میں میکال ذوالفقار نے بتایا کہ انہیں اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کام کرنا اچھا لگتا ہے اور انہیں لگتا ہے کہ وہ ان کے ساتھ بہترین انداز میں لیڈ کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ کے دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ وہ کون سی شخصیت ہوگی جسے میکال ذوالفقار بطور میزبان اپنے شو میں نہیں بلانا چاہیں گے؟

اس پر انہوں نے ماہرہ خان کا نام لیا اور ساتھ ہی مسکراتے ہوئے کہا کہ کیوں کہ وہ آئیں گی ہی نہیں۔

انہوں نے اس پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو متعدد منصوبوں میں کام کرنے کی پیشکش کر رکھی ہے لیکن وہ نہیں مانتیں اور انہیں راضی کرنا مشکل کام ہے۔

اگرچہ انہوں نے شکوہ کیا کہ متعدد بار پیش کش کرنے کے باوجود ماہرہ خان ان کے ہمراہ کام کرنا نہیں چاہتیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اداکارہ کو کون سے منصوبوں میں کام کی پیش کش کی تھی؟

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024