کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کی منفرد انداز میں رونمائی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی کی میزبان ملک بھارت میں انوکھے انداز میں ایک لاکھ 20 ہزار فٹ بلندی پر رونمائی کر دی گئی۔
ورلڈ کپ ٹرافی بھارت کی ریاست گجرات میں نریندر مودی اسٹیڈیم پہنچانے سے قبل خصوصی غبارے کے ذریعے فضا میں لے جایا گیا اور ایک لاکھ 20 ہزار فٹ کی بلندی پر رونمائی کی گئی۔
ورلڈ کپ ٹرافی ایونٹ کے آغاز سے قبل دنیا کے 18 ملکوں کا سفر کرے گی، جس کا آغاز 27 جون کو بھارت کے شہروں سے ہوگا جہاں 14 جولائی کو سفر مکمل ہوگا۔
بھارت کا دورہ کرنے کے بعد 15 سے 16 جولائی تک نیوزی لینڈ، 17 سے 18 جولائی تک آسٹریلیا کا دورہ کرے گی، جس کے بعد افریقی ملک پاپوانیوگینی پہنچے گی جہاں 19 جولائی سے 21 جولائی تک سفر ہوگا۔
ورلڈ کپ ٹرافی 22 سے 24 جولائی کو واپس بھارت لائی جائے گی، اگلے روز سفر کا دوبارہ آغاز ہوگا اور 25 سے 27 جولائی تک امریکا اور 28 سے 30 جولائی تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی۔
پاکستان میں ویسٹ انڈیز کے بعد کرکٹ ورلڈ ٹرافی کا سفر شروع ہوگا، مختلف شہروں میں 31 جولائی سے 4 اگست تک ٹرافی کا دورہ ہوگا۔
میزبان بھارت کے ہمسایہ ملک سری لنکا میں ٹرافی 5 سے 6 اگست تک اور بنگلہ دیش کا دورہ 7 سے 9 اگست تک کرے گی، جس کے بعد 10 سے 11 اگست تک کویت کا دورہ کروایا جائے گا۔
عرب ملک بحرین میں ٹرافی 12 سے 13 اگست تک دورہ کرے گی اور یہاں سے 14 سے 15 اگست تک واپس بھارت لائی جائے گی جبکہ 16 سے 18 اگست تک ٹرافی کا دورہ یورپی ملک اٹلی کا ہوگا۔
ورلڈ کپ ٹرافی فرانس میں 19 سے 20 اگست، انگلینڈ میں 21 سے 24 اگست رہے گی اور اس کے بعد ملائشیا میں ٹرافی کا 25 سے 26 اگست تک سفر ہوگا۔
ملائیشیا سے افریقہ کا سفر شروع ہوگا جہاں یوگینڈا میں 27 سے 28 اگست، نائجیریا میں 29 سے 30 اگست اور جنوبی افریقہ میں 31 اگست سے 3 ستمبر تک ٹرافی کا دورہ ہوگا۔
ورلڈ کپ ٹرافی دنیا بھر کا سفر کرنے کے بعد 4 ستمبر کو میزبان ملک بھارت واپس پہنچے گی۔
ایک روزہ ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا۔