قربانی کے جانوروں کی صحت کا خیال کیسے رکھیں؟
عید الاضحیٰ آنے میں صرف کچھ ہی دن باقی ہیں اور چونکہ ان دنوں اسکول جانے والے بچے گرمیوں کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں اس لیے عید کی تیاریوں میں بچوں کا زیادہ تر وقت جانوروں کی دیکھ بھال میں ہی رہتا ہے۔
عید قریب آتے ہیں لوگ نئے کپڑے خریدنے میں مصروف ہوتے ہیں، خاندانی اجتماعات میں میں پکوان کی تیاری اور قربانی کے جانور کی خریداری کے لیے مویشی منڈی جاتے ہیں۔
تاہم قربانی کے جانوروں کے حوالے سے بہت سی اہم تیاریاں ضروری ہیں جنہیں ہم اکثر بے دہانی میں بھول جاتے ہیں۔
عید الاضحیٰ پر مویشی منڈی جاکر بیوپاریوں سے بھاؤ تاؤ کرنے کے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد جانور خرید کر گھر میں اس کی مہمان نوازی کی جاتی ہے۔
انسانوں کی طرح جانوروں کو بھی بھوک، پیاس اور گرم موسم کا احساس ہوتا ہے، انہیں بھی اپنی نیند پوری کرنے کے لیے مناسب جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔
قربانی کے جانور عموماً عید سے قبل گھر لائے جاتے ہیں تاکہ بچے جانوروں کے قریب ہوسکیں، انہیں سیر کے لیے لے جائیں، تاہم کچھ بچوں کا یہ جوش خروش چند گھنٹوں بعد ہی ختم ہوجاتا ہے، نتیجتاً جانور تیز دھوپ میں دن گزار رہےہیں، اور پوری رات مناسب خوراک اور سونے کے لیے مناسب جگہ فراہم نہیں کی جاتی۔
ملک بھر میں ان دنوں موسم گرم ہے، ان حالات میں جانوروں کے لیے مناسب جگہ کا انتظام کرنا ضروری ہے، خیال رہے کہ ایسی جگہ کا انتظام کیا جائے جو گرم نہ ہو اور ان کے لیے کھڑا ہونا بھی مشکل نہ ہو۔
انہیں مناسب خوراک اور پانی فراہم کریں، اس کے علاوہ جس جگہ پر جانور باندھے جاتے ہیں اس جگہ کی باقاعدگی سے صفائی کریں۔
اکثر لوگ جانوروں کے سامنے چارہ زمین پر ہی پھینک دیتے ہیں، یہ ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ اکثر گائے اور بکریاں زمین پر رکھا چارہ کھانے سے گریز کرتے ہیں۔
اس لیے ضروری ہے کہ جب آپ جانوروں کو چارہ فراہم کریں تو اسے گندی جگہ پر نہ پھینکیں تاکہ ان کی خوراک ضائع نہ جائے، اگر آپ اپنے ہاتھ سے جانوروں کو کھانے نہیں دے سکتے ہیں تو کسی صاف برتن میں چارہ ڈال کر دیں۔
قربانی کے جانوروں کی مہمان نوازی اور ان کا خیال رکھنا نیک عمل ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کرتے ہیں اور ان کا گوشت غربا و دوست احباب میں تقسیم کرتے ہیں۔
اس لیے صرف قربانی کے جانور ہی نہیں بلکہ ہر طرح کے جانور جب آپ کے گھر لائے جائیں تو یہ آپ کا فرض ہے کہ ان کے حقوق کا خیال رکھیں۔
اس کے علاوہ قربانی کا جانور خریدتے وقت اس بات کی تسلی ضرور کریں کہ جانور بیمار یا سست تو نہیں ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق قربانی کے جانور کی آنکھوں اور ناک سے پانی آنا اور چھینکنا بیماری کی علامات ہیں، جانور کو خریدنے سے پہلے اس کی جسمانی حالت کا جائزہ ضرور لیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی کی مویشی منڈی میں لمپی اسکن کی بیماری کے 9 کیسز سامنے آئے تھے۔