• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

جناح ہاؤس حملہ کیس: 146 پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت کی درخواستیں خارج

شائع June 23, 2023
جج اعجاز احمد بٹر نے 180 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا — فائل فوٹو: رائٹرز
جج اعجاز احمد بٹر نے 180 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا — فائل فوٹو: رائٹرز

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں خواتین سمیت پی ٹی آئی کے 146 کارکنوں کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں جبکہ 34 دیگر افراد کو رہا کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جج اعجاز احمد بٹر نے 180 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔

سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک، فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ، سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور طیبہ راجا ان خواتین میں شامل ہیں جن کی درخواست ضمانتیں جمعرات کو دوران سماعت میرٹ پر مسترد کی گئیں۔

صنم جاوید کی درخواست عدم پراسیکیوشن پر خارج کر دی گئی۔

فاضل جج نے عائشہ مسعود، فائزہ عظمت، فرحت فاروق، ثانیہ ساجد، فرح نثار، ماریہ خان، خالدہ حمید، شمائلہ ستار، ساجدہ بی بی، خدیجہ نعیم، ماہا مسعود، مریم مزاری اور ہما سعید سمیت دیگر خواتین کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے مرد ملزمان میں رضوان خان، کامران، سید زین، اظہر رشید، فیصل مسعود، ثاقب طارق، ڈاکٹر حمیر آصف اور حسن عدنان کی بھی ضمانت منظور کر لی۔

یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواست واپس لینے پر خارج

اس کے علاوہ جج اعجاز احمد بٹر نے عسکری ٹاور، لبرٹی حملہ کیس میں پی ٹی آئی-پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست بھی خارج کر دی۔

خاتون رہنما کے وکیل نے پٹیشن واپس لینے کے لیے عدالت سے اجازت مانگی جس کی اجازت دے دی گئی اور جج نے درخواست کو واپس لیتے ہوئے خارج کر دیا۔

جج نے گلبرگ پولیس کی جانب سے درج کیے گئے ٹاور حملہ کیس میں فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ سمیت دیگر 13 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں بھی خارج کردیں۔

انہوں نے 9 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے دوران گلبرگ کے علاقے میں پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں 23 ملزمان کو رہا کردیا، جج نے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

ناقابل ضمانت وارنٹ

جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے 5 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

وارنٹ تفتیشی افسر کے بیان کے بعد جاری کیے گئے جس میں کہا گیا کہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ قانون سے بچتے رہے۔

رہنماؤں میں سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ، ایڈووکیٹ حسان خان نیازی اور غلام عباس شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024