• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

نامناسب سوالات کے بہترین جوابات دینے پرسنیتا مارشل کی تعریفیں

شائع June 20, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل کی جانب سے میزبان کے نامناسب سوالات پر بہترین انداز میں جواب دیے جانے پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

سنیتا مارشل نے حال ہی میں ’نادر علی‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جہاں میزبان نے ان سے انتہائی ذاتی اور نامناسب سوالات کیے تھے، جس پر اداکارہ قدرے پریشان بھی دکھائی دی تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے میزبان کو تحمل سے زبردست انداز میں جوابات دیے، جس پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

اداکارہ نادیہ افگن نے سنیتا مارشل کے پوڈکاسٹ کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے ان کے جواب کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں ایسے ہی بہادر اور مضبوط رہنے کا مشورہ دیا۔

نادیہ افگن نے ساتھ ہی پوڈکاسٹ کے میزبان نادر علی کو بھی اپنی اسٹوری میں مینشن کیا اور انہیں ’احمق‘ بھی قرار دیا۔

اداکارہ نے نادر علی کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ صرف اتنا کہنا چاہتی ہیں کہ یہاں بے وقوف اور احمق افراد کی کوئی کمی نہیں اور ایسی آبادی تیزی سے پھیل رہی ہے۔

نادیہ افگن کے علاوہ بھی دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی سنیتا مارشل کی تعریفیں کیں اور انہیں انتہائی سمجھدار، باصلاحیت اور اعلیٰ اخلاق کی خاتون قرار دیا۔

ان کی طرح اداکارہ و میزبان انوشے اشرف نے بھی سنیتا مارشل کی تعریفیں کیں۔

انوشے اشرف نے بھی سوال اٹھایا کہ سنیتا مارشل سے انتہائی ذاتی معاملات پر سوالات کیوں کیے گئے؟

انہوں نے ذاتی سوالات کے بہترین جوابات دینے پر اداکارہ کی تعریفیں کیں اور پوڈکاسٹ کے میزبان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

سنیتا مارشل کی ویڈیو پر تبصرے کرنے والے افراد نے سنیتا مارشل کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں ایسے ہی مضبوط اور بہادر رہنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی لکھا کہ انہوں نے نادر علی کو بہترین جواب دیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے نادر علی پر بھی تنقید کی اور ان کی جانب سے اداکارہ سے نامناسب سوالات کرنے پر اظہار افسوس بھی کیا۔

زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے نادر علی کو احمق، بے وقوف اور انتہائی تنگ ذہن شخص قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے پوڈکاسٹ کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔

نادر علی نے اپنے پوڈکاسٹ میں سنیتا مارشل سے پوچھا تھا کہ وہ مسیحی ہیں جب کہ ان کے شوہر اداکار حسن احمد مسلمان ہیں تو ان کے بچے کس مذہب کے پیروکار ہیں؟ جس پر اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کے بچے مذہب اسلام کے پیروکار ہیں۔

اس پر میزبان نے ان سے ایک بار پھر سوال کیا تھا کہ ان کا اسلام قبول کرنے کا کوئی ارادہ ہے؟ جس پر سنیتا مارشل نے واضح کیا تھا کہ ان کا ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی ان پر شوہر اور سسرال والوں کا ایسا دباؤ ہے۔

نادیہ افگن نے سنیتا مارشل کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ
نادیہ افگن نے سنیتا مارشل کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ

اسی حوالے سے اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ اسلام میں مسیحی اور مسلمان کی شادی مذہب تبدیل کیے بغیر ہی جائز ہے اور یہ کہ انہیں شوہر کے خاندان کی طرف سے بھی کوئی دباؤ نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کبھی زندگی میں کوئی مشکل درپیش آئی ہے، جس پر وہ مذہب تبدیل کرنے کا سوچیں۔

سنیتا مارشل نے بتایا کہ انہیں حسن احمد نے ہی شادی کی پیشکش کی تھی اور یہ کہ ان کے گھر والوں نے مسلمان لڑکے سے شادی کرنے پر شروع میں اعتراض کیا تھا لیکن ان کے سسرال والوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے پہلے مذہب اسلام کے مطابق نکاح کیا اور پھر مسیحی عقائد کے تحت انہوں نے چرچ میں بھی شادی کی اور یہ کہ ان کے تمام رشتے داروں اور دوستوں نے کبھی ان کی شادی اور مذہب کے معاملے پر نہ تو کوئی مداخلت کی ہے اور نہ ہی کبھی کسی نے اعتراض کیا ہے اور یہ کہ اعتراض کرنے کا کوئی سبب بھی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ سنیتا مارشل نے سنہ 2000 میں شوبز میں قدم رکھا تھا، ابتدائی سالوں میں انہوں نے ماڈلنگ میں خوب نام کمایا، بعد ازاں سنیتا نے اداکاری کے میدان میں بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔

انہوں نے 2008 میں اداکار حسن احمد سے شادی کی تھی، جوڑے کو دو بچے ہیں، جس میں سے بیٹے کی عمر 14 سال جب کہ بیٹی کی عمر 10 سال ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024