ہر 10 منٹ میں صفائی کے لیے حرمین شریفین میں ہزاروں افراد تعینات
حج کے دوران حرمین شریفین میں صفائی کے اعلیٰ انتظامات برقرار رکھنے کے لیے حکام نے 4 ہزار سے زائد مرد و خواتین ملازمین کی خدمات حاصل کرنے سمیت مشینوں اور روبوٹس کو بھی صفائی میں مدد فراہم کرنے کے لیے انسٹال کردیا۔
اس سال حج کے موقع پر سعودی عرب میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 30 لاکھ کے قریب عازمین کے پہنچنے کا امکان ہے اور اب تک وہاں 10 لاکھ کے قریب عازمین پہنچ چکے ہیں۔
حج کے قریب آتے ہی سعودی عرب کے حکام نے صفائی اور سیکیورٹی سمیت طبی سہولیات کے انتظامات کو سخت کردیا۔
عرب اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق اس سال بھی حج کے موقع پر حرمین شریفین کی انتظامیہ نے کورونا کی وبا کی طرح صفائی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں اور مقدس مقامات کی کیمیکل اور ادویات سے صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حرمین شریفین کے واش رومز کو خاص کرنے کے لیے یومیہ 70 ہزار لیٹر کیمیکل کا استعمال کیا جائے گا جب کہ مسجد الحرام سمیت مسجد نبوی ﷺ کی صفائی کے لیے بھی کیمیکل کا استعمال کیا جائے گا۔
حرمین شریفین کی صفائی کے لیے حکام نے 4 ہزار مزدوروں کو تعینات کیا ہے جب کہ نگرانی 400 سے زائد سعودی عرب کے سرکاری سپروائیزر کریں گے۔
مذکورہ تمام مزدوروں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ ہر 10 منٹ کے اندر حرمین شریفین کی صفائی کو یقینی بنائیں۔
تمام مزدوروں کو حرمین شریفین کی مختلف حدود میں تعینات کرکے انہیں ان کے کام کی حدود اور کام کا طریقہ کار بتا دیا گیا ہے جب کہ ان کی نگرانی کے لیے 400 سپروائیزر بھی وہاں موجود رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین کی ہر 10 منٹ کے اندر صفائی کو یقینی بنانے کے لیے نہ صرف انسانوں بلکہ مشینوں اور روبوٹس کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور درجنوں روبوٹس اور مشینیں بھی صفائی کرتی دکھائی دیں گی۔
علاوہ ازیں حرمین شریفین میں 800 ایسے مزدوروں کو بھی حج کے دوران تعینات کیا جائے گا جو کہ عازمین حج کو پینے کے لیے آب ’زم زم‘ فراہم کرتے رہیں گے، علاوہ ازیں پانی کو مشینوں اور اسٹالز بھی رکھا جائے گا۔
اسی طرح بیماریوں سے حفاظت کے لیے حرمین شریفین کی حدود میں سینیٹائیزرز کی مشینیں بھی نصب کردی گئی ہیں۔
عازمین حج کی مدد اور رہنمائی کے لیے 3 ہزار الیکٹرک بسوں سمیت روایتی 5 ہزار بسیں اور گاڑیاں بھی ہر وقت حرمین شریفین کی حدود میں موجود رہیں گی۔