• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

’بائپر جوائے‘ پر بھارتی خاتون صحافی کی دلچسپ رپورٹنگ کی ویڈیو وائرل

شائع June 15, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

بحیرہ عرب میں بننے والے خطرناک سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ پر اگرچہ پاکستان میں بھی یوٹیوبر اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹرز توجہ حاصل کرنے کی خاطر بے معنی ویڈیوز بناتے دکھائی دیتے ہیں۔

تاہم بھارتی ٹی وی چینل ’ریپبلک ہندی‘ کی خاتون اینکر نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ریپبلک ہندی کی خاتون اینکر شویتا نے ریاست گجرات سے سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ سے متعلق رپورٹ دی، جس پر ٹی وی چینل نے بیک گراؤنڈ میں خطرناک سمندری طوفان کی ویڈیوز بھی چلائیں جب کہ خاتون رپورٹر کو بھی ہوا میں جھولتے ہوئے دکھایا۔

بظاہر خاتون اینکر نے اسٹوڈیو میں سے ہی طوفان سے متعلق رپورٹ دی، تاہم بیک گراؤنڈ میں سمندری طوفان کی تباہی دکھائی گئی، جس سے دیکھنے والوں کو ایسا لگا کہ رپورٹر شاید باہر سے رپورٹنگ کر رہی ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں خاتون بتاتی سنائی دیتی ہیں کہ وہ رپورٹنگ کے لیے گجرات کے علاقے دوارکا میں پہنچ چکی ہیں، جہاں تیز سمندری ہوائیں چل رہی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کے ہاتھ میں چھتری ہے اور وہ آنے والے تیز ہوا میں نہ صرف جھول رہی ہیں بلکہ وہ درست انداز میں بات بھی نہیں کر پاتیں۔

ویڈیو میں رپورٹر بتاتی سنائی دیتی ہیں کہ دوارکا گجرات میں تیز سمندری ہوائیں چل رہی ہیں اور جب طوفان یہاں آئے گا اور 150 کلو میٹر کی رفتار سے یہاں چلیں گی تو اس وقت کیا ہوگا؟

ویڈیو میں خاتون کے پیچھے اسکرین پر سمندری طوفان کی تباہی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو کو بھارتی صحافی اور فیکٹ چیکر محمد زبیر نے شیئر کیا اور انہوں نے خاتون رپورٹر کی حفاظت کی دعا بھی کی۔

ساتھ ہی ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹی وی چینل کی ویڈیو میں بیک گراؤنڈ میں استعمال کی جانے والی طوفان کی ویڈیوز اور تصاویر ’بائپر جوائے‘ کی نہیں بلکہ امریکا میں آنے والے طوفان ’ہریکین‘ کی ہیں۔

ان کی جانب سے ویڈیو کو شیئر کیے جانے کے بعد اسے ہزاروں افراد نے ری ٹوئٹ کیا اور اس پر طرح کے تبصرے کیے اور ٹی وی چینل انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔

زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینل سنگین طوفان کو مذاق سمجھ کر اس کی مزاحیہ انداز میں رپورٹ پیش کرکے لوگوں کی مشکلات بڑھا رہا ہے۔

خاتون رپورٹر کی ویڈیو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی وائرل ہوگئی اور بعض شوبز شخصیات نے بھی اس پر تبصرے کیے۔

اداکار احسن خان نے خاتون رپورٹر کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اس پر لکھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر آج سب سے مزیدار چیز دیکھی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024