• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

بھارت: کشمیری رہنما یسین ملک کی سزائے موت کیلئے ایک بار پھر عدالت میں درخواست دائر

شائع May 27, 2023
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے) نے کشمیری حریت پسند رہنما یسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں بدلنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس نئی دہلی کی خصوصی عدالت نے دہشت گردی کے لیے مالی معاونت اور دیگر الزامات پر جموں اور کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یٰسین ملک کو عمر قید کی سزا سنادی تھی، جبکہ انہوں نے حکومت کی طرف سے مقرر کردہ وکیل کو قبول کرنے یا الزامات کے خلاف اپنا دفاع کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

عدالت نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے سزائے موت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سزائے موت ایک ایسے جرم کے لیے ہے جو معاشرے کے اجتماعی شعور کو جھٹکا دیتا ہے۔

سری نگر کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ این آئی اے نے جمعہ کو دوبارہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی کہ یسین ملک کو سزائے موت دی جائے، درخواست پر سماعت پیر کو ہونی ہے۔

جے کے ایل ایف نے 1989 میں مقبوضہ کشمیر میں مسلح مزاحمت شروع کی، بھارت نے فوجی مہم کے ساتھ جواب دیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں شہری اور فوجیوں کی اموات ہو چکی ہے۔

یسین ملک نے 1994 میں مسلح جدوجہد چھوڑ کر آزادی کے لیے پُرامن مہم کا آغاز کیا اور حالیہ سالوں میں بھارتی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

انہیں 14 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا، انہوں نے بتایا تھا کہ جیل میں ان پر تشدد کیا گیا، بعد ازاں انہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا جبکہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی۔

خیال رہے کہ 26 مئی 2022 کو نئی دہلی کی خصوصی عدالت نے دہشت گردی کے لیے مالی معاونت اور دیگر الزامات پر حریت رہنما یٰسین ملک کو عمر قید کی سزا سنادی تھی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی نے عدالت سے یٰسین ملک کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ وکیل دفاع نے عمر قید کی استدعا کی تھی۔

وکیل اُمیش شرما نے کہا کہ عدالت نے یٰسین ملک کو دو بار عمر قید اور پانچ بار 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے، تمام سزائیں ایک ساتھ چلائی جائیں گی جبکہ حریت رہنما پر بھارتی 10 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

یٰسین ملک کو قید کی مختلف سزائیں اور جرمانہ مختلف کیسز میں عائد کیا گیا ہے۔

حریت رہنما اپنی سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرسکتے ہیں۔

قبل ازیں یٰسین ملک کو دہشت گردی فنڈنگ کیس میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے سخت قانون (یو اے پی اے) سمیت تمام چارچز کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024