• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کیس میں پولیس سے کل تک پیش رفت طلب کرلی

شائع May 18, 2023
چیف جسٹس نے عمران ریاض کی بازیابی کے لیے پولیس کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا — فائل فوٹو: ٹوئٹر
چیف جسٹس نے عمران ریاض کی بازیابی کے لیے پولیس کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا — فائل فوٹو: ٹوئٹر

لاہور ہائی کورٹ نے اینکر پرسن عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق کیس میں پولیس کو کل تک پیش رفت سامنے لانے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے عمران ریاض کے والد محمد ریاض کی درخواست پر سماعت کی جس میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے عمران ریاض کی بازیابی کے لیے پولیس کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے تو ابھی تک کچھ نہیں کیا۔

چیف جسٹس نے ڈی پی او کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک سب انسپکٹر تعینات کردیا باقی آپ نے کہا جاؤ موج کرو۔

آپ نے یہاں کہا تھا کہ میں سب کچھ دیکھوں گا، انویسٹی گیشن دیکھوں گا، یہ کرنے کے لیے آپ نے 48 گھنٹے لیے تھے۔

انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ پولیس تو کہہ رہی ہے کہ ہم کچھ نہیں کر سکتے، پولیس نے ایجنسیوں کو خطوط لکھے اور گھر جا کر سو گئے۔

چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا کہ ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات ایک سب انسپکٹر کو دے دی گئی کہ آپ کی اس کیس میں دلچسپی نہیں ہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے عدالت کو کہا کہ ’ہم پوری کوشش کر رہے ہیں‘۔

تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ میں آپ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں۔

وکیل عمران ریاض نے کہا کہ سر کچھ نہیں ہو رہا پولیس نے صرف ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک بندہ 6 دن سے غائب ہے، ہمارے لوگ کیا کر رہے اس کی زندگی کو خطرہ ہے، ایک بندے کو اٹھا لیا گیا اس کا ذمہ دار کون ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ہمیں بتائے کہ ان کے بس میں کچھ ہے کہ نہیں ہے، اگر آپ کے بس کی بات نہیں ہے تو ہم کسی اور ایجنسی سے پوچھ لیتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ ہم نے یہی بات کی ہے کہ اگر وہ ہے تو اسے ضرور سامنے لائیں اور عدالت میں پیش کریں، اگر عمران ریاض نے کچھ غلط کیا تو آپ مقدمہ درج کریں ہم نہیں روکیں گے۔

ڈی پی او نے کہا کہ ہم نے اس سارے معاملے پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔

وکیل عمران ریاض نے کہا کہ عدالت، آئی جی پنجاب اور ایجنسی کے کسی ذمہ دار افسر کو طلب کریں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہمارے پاس کون سا اختیار ہے، کس اختیار کے تحت بلائیں۔

وکیل نے کہا کہ آپ معاونت کے لیے ایجنسی کے ذمہ دار افسر کو طلب کر سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے حکومت کو لکھ سکتے ہیں، ہم ایجنسی کو کیوں بلائیں ہم نے کیا لینا ہے ان سے، یہ حکومت کا کام ہے آپ ان سے کو آرڈینیشن کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے انسپکٹر جنرل، سیکریٹری داخلہ اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو دو گھنٹے میں طلب کیا۔

عدالتی طلبی پر آئی جی، سیکریٹری داخلہ اور دیگر افسران کے پہنچنے پر دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تو چیف جسٹس نے آئی جی سے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب یہ کیا معاملہ ہے؟

آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے میں ہمیں کام کرنا پڑے گا، گاڑی موٹروے پر نہیں آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس آئی اور آئی بی سے بات ہوئی ہے کچھ مہلت دیں، سائنسی طریقے سے اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ میری سیکٹر کمانڈر سے بات ہوئی ہے، ملنا پڑا تو دوبارہ بھی ملیں گے، ہم ایک خصوصی ٹیم بنا لیتے ہیں۔

ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ عمران ریاض کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا، پولیس کی ڈیوٹی ہے بازیاب کرانا یہ کوئی احسان نہیں کر رہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس یہی ایجنسیاں ہیں جن کو ہم نے کہنا ہے کہ باقی لوگوں کو ساتھ لیں اور بندہ بازیاب کریں، ڈی پی او نے بھی کوئی خاطر خواہ رزلٹ نہیں دیے۔

آئی جی پنجاب نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئی ایس آئی اس معاملے میں ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے آئی جی کو ہدایت کی کہ کل 12 بجے تک کا وقت دے رہا ہوں، عدالت کے سامنے پیش رفت پیش کریں اور سماعت کل بارہ بجے تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ 11 مئی کو گرفتاری کے بعد سے عمران ریاض خان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد جلاؤ گھیراؤ اور کشیدگی کے دوران حراست میں لیا گیا تھا، ان کے علاوہ چند دیگر صحافیوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024