• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

ایران ہر ہفتے اوسطاً 10 افراد کو پھانسی دے رہا ہے، اقوام متحدہ

شائع May 10, 2023
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ ایران نے لوگوں کی بڑی تعداد کو منشیات کے جرائم پر سزائے موت دی — فائل فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ ایران نے لوگوں کی بڑی تعداد کو منشیات کے جرائم پر سزائے موت دی — فائل فوٹو: اے ایف پی

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ ایران نے اس سال خطرناک حد تک بڑی تعداد میں لوگوں کو سزائے موت دی ہے جہاں اوسطاً یہ تعداد ہر ہفتے 10 سے تجاوز کر گئی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ملک میں یکم جنوری سے اب تک کم از کم 209 افراد کو پھانسی دی گئی جن میں سے زیادہ تر کو بنیادی طور پر منشیات سے متعلق جرائم میں سزا دی گئی، لیکن اقوام متحدہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ سزائے موت پانے والوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

وولکر ترک نے کہا کہ ایران میں اس سال اب تک اوسطاً ہر ہفتے 10 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا جو اسے دنیا کے سب سے زیادہ سزا دینے والے ممالک میں سے ایک بنا دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شرح کے ساتھ ایران تشویشناک حد تک پچھلے سال کی ڈگر پر گامزن ہے جب مبینہ طور پر تقریباً 580 افراد کو سزائے موت دی گئی تھی۔

ایران نے پیر کے روز دو افراد کو سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے الزام میں پھانسی دے دی جس کی ناصرف امریکا نے مذمت کی بلکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ اسلامی جمہوریہ پھانسیوں کے حوالے سے نئی نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

ہفتے کے روز ایران نے ملک مخالف سوئیڈش باشندے حبیب چاب کو دہشت گردی کے الزام میں پھانسی دی جس پر سوئیڈن اور یورپی یونین نے شدید تنقید کی ہے۔

اقوام متحدہ نے کہا کہ صرف گزشتہ 14 دنوں میں کم از کم 45 افراد کو پھانسی دی گئی جن میں سے 22 بلوچ اقلیت سے تھے، زیادہ تر کو منشیات سے متعلق الزامات میں سزا دی گئی۔

وولکر ترک نے کہا کہ منشیات کے جرائم کے لیے سزائے موت کا نفاذ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اصولوں اور معیارات سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی کمیٹی کا واضح مؤقف ہے کہ ’انتہائی سنگین جرائم‘ جیسے عمداً قتل کے علاوہ کسی اور جرم کے لیے سزائے موت پر پابندی عائد ہے اور منشیات کے جرائم اس شدت پر پورا نہیں اترتے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024