امریکی ریاست ٹیکساس کے شاپنگ مال میں فائرنگ، حملہ آور سمیت 9 افراد ہلاک
امریکی ریاست ٹیکساس کے مصروف شاپنگ مال میں ایک شخص نے 8 افراد کو گولی مار کر ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا جس کے بعد پولیس افسر نے اسے گولی مار کر قتل کردیا۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق آن لائن زیر گردش ویڈیو فوٹیج میں شوٹر کو لوگوں پر فائرنگ کرنے سے قبل مال کی پارکنگ میں سیڈان گاڑی سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس دوران مال کے اندر موجود ایک پولیس افسر کو ایک کال موصول ہوئی جس پر اس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔
حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور جب پولیس کی مزید نفری پہنچی تو اس کی لاش فٹ پاتھ پر مال میں ہلاک ہونے والے دیگر چھ افراد کی لاشوں کے ساتھ رکھی ہوئی تھی۔
ایلن فائر چیف جوناتھن بوائڈ نے کہا کہ دو دیگر زخمی ہسپتال میں دم توڑ گئے جب کہ تین کی حالت نازک اور چار کی مستحکم ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ڈیلس کے شمال میں 35 میل (55 کلومیٹر) مسافت پر واقع ایلن پریمیئم آؤٹ لیٹس پر دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب اس وقت فائرنگ شروع ہوئی جب وہاں ہفتہ وار چھٹی کی وجہ سے خریداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ایلن پولیس ڈپارٹمنٹ کے چیف برائن ہاروے نے کہا کہ مال میں موجود افسر نے گولیوں کی آوازیں سنی، وہ آوازیں سن کر اس طرف گئے اور مشتبہ شخص کا خاتمہ کردیا۔
ہسپتال کے ایک اہلکار نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ متاثرین میں سے کچھ کی عمریں پانچ سال سے کم ہیں۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے بڑے پیمانے پر فائرنگ کو ’ناقابل بیان سانحہ‘ قرار دیا۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو شوٹنگ کے بارے میں بریفنگ دے دی گئی ہے۔
مقامی حکام نے پولیس افسر کے اقدام کو سراہا جس نے فائرنگ کرنے والے کو بروقت ہلاک کر دیا۔
کانگریس سے تعلق رکھنے والے ریپبلیکن کیتھ سیلف نے کہا کہ ہم سب اس پولیس افسر کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو گولی کی آواز سن کر اس طرف بھاگا اور اس خطرے کو زائل کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا۔
حکام کو ابتدائی طور پر یقین تھا کہ دوسرا شوٹر فرار ہو سکتا ہے اور اسی لیے انہوں نے فوری طور پر مال میں دکانوں پر چھاپہ مارا اور پارکنگ لاٹوں میں بھی پہنچ کر جانچ پڑتال کی۔
برائن ہاروے نے بعد میں کہا کہ پولیس کو یقین ہے کہ نامعلوم شوٹر نے تنہا یہ واردات انجام دی۔
میڈیکل سٹی ہیلتھ کیئر کے ترجمان جینٹ سینٹ جیمز نے کہا کہ ان کے ہسپتال میں فائرنگ سے زخمی آٹھ مریض لائے گئے جن کی عمریں پانچ سے 61 سال کے درمیان ہیں۔
میئر کین فلک نے ایک بیان میں کہا کہ ایلن ایک قابل فخر اور محفوظ شہر ہے جس نے آج کے تشدد کے اس بے ہودہ عمل کو مزید ہولناک بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹس کو ان کے فوری ردعمل کے لیے سراہنا چاہتا ہوں، خطرے کی جانب بلاہچکچاہٹ پیشرفت کے حوالے سے ان کی مکمل تربیت نے آج کئی جانیں بچائی ہیں۔