• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

شائع May 6, 2023
فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی

پانچ میچز کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے لگاتار دوسری مرتبہ ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بابر اعظم کی شانداز اننگز کی بدولت پاکستان ٹیم نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 334رنز بنائے،کپتان نے 10چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 43.4 اوورز میں 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے اسامہ میر 4 اور محمد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن

نیوزی لینڈ سے سیریز کے آغاز سے قبل آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ دوسری جبکہ پاکستان 5ویں نمبر پر تھا تاہم کیویز کے خلاف لگاتار 4 میچز میں کامیابی کے بعد پاکستان پہلے نمبر آگیا ہے اور نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔

آئی سی سی رینکنگ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ پاکستان نے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113.483 ہوگئے ہیں، آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جبکہ انڈیا کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہیں۔

پاکستان فی الحال آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف ڈیسیمل پوائنٹس پر آگے ہے، اگر پاکستان نیوزی لینڈ کو کلین سویپ کرلیتا ہے تو اس کی برتری واضح ہوجائے گی۔

پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا۔

اگر قومی ٹیم کی آخری ون ڈے میں کیویز سے شکست ہوگئی تو رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آجائے گی اور پہلے نمبر پر کینگروز (آسٹریلیا) کا قبضہ برقرار رہے گا۔

قومی ٹیم نے آنے والے ورلڈکپ میں ہماری اُمیدیں بڑھا دی ہیں، شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد دی۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننا اور 102 رنز سے کامیابی حاصل کرنا شاندار ہے، ویلڈن کھلاڑیوں‘۔

انہوں نے بابر اعظم کے ون ڈے میں 5 ہزار رنز مکمل ہونے اور میچ میں سنچری بنانے پر انہیں مبارک باد بھی دی اور اسامہ میر اور وسیم جونیئر کی بولنگ کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے لکھا کہ ’لڑکوں پوری قوم کو بہت فخر ہے، آپ نے آنے والے ورلڈکپ میں ہماری اُمیدیں بڑھا دی ہیں۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے ہمیشہ اپنی ٹیم کی صلاحیت پر یقین تھا، الحمدللہ۔’

آئی سی سی رینکنگ سسٹم کب متعارف کروایا گیا؟

آئی سی سی کا آفیشل ون ڈے رینکنگ سسٹم 2005 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

آئی سی سی کی رینکنگ کا طریقہ کار، اعداد و شمار کے برطانوی ماہر ڈیوڈ کینڈکس نے تیار کیا تھا، تیار کردہ فارمولے کو ماضی میں بھی اپلائی کیا گیا تھا تاکہ ٹیموں کی پوزیشنز کا اندازہ لگایا جاسکے۔

یاد رہے کہ رینکنگ کے اجراء کے بعد سے پاکستان کی بہترین پوزیشن تیسری رہی ہے۔

ماضی میں اس فارمولے کے مطابق پاکستان 1991 میں ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر تھا لیکن اس پوزیشن کی کوئی آفیشل حیثیت نہیں تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024