• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

خیبرپختونخوا انتخابات کی تاریخ کا معاملہ، گورنر کی درخواست پر سماعت 10 مئی تک ملتوی

شائع May 4, 2023
گورنر خیبرپختونخوا کے وکیل طارق آفریدی نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی — فائل فوٹو: پشاور ہائی کورٹ ویب سائٹ
گورنر خیبرپختونخوا کے وکیل طارق آفریدی نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی — فائل فوٹو: پشاور ہائی کورٹ ویب سائٹ

خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے 10 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزداہ اسد اللہ نے سماعت کا آغاز کیا تو گورنر خیبرپختونخوا کے وکیل طارق آفریدی نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی۔

درخواست گزار مشتاق غنی کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ گورنر کے وکیل نے آج سماعت ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی ہے، یہ انتہائی اہم ایشو ہے، صوبائی اسمبلی کے الیکشن کا معاملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 90 روز گزر گئے ہیں لیکن گورنر نے ابھی تک الیکشن تاریخ نہیں دی۔

ایڈووکیٹ جنرل عامر جاوید نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا گیا ہے۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے جواب کیوں جمع نہیں کرایا، جس پر ای سی پی کے وکیل نے کہا کہ کمیشن کا جواب تیار ہے جسے آج ہی جمع کرادیا جائے گا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ آپ کو آخری موقع دیا گیا تھا، دو دن کے اندر جواب جمع کرائیں۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ کیس کل سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاہم جسٹس طارق آفریدی نے کہا کہ پرسوں ہائی کورٹ بار کا الیکشن ہے اور اس میں وکیل طارق آفریدی امیدوار ہیں اس لیے آئندہ ہفتے اس کیس کو سنا جائے گا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات ہیں، کونسی تاریخ دی جائے جس پر بیرسٹر گوہر خان نے تجویز دی کہ آئندہ سماعت پیر کے روز مقرر کردی جائےگی۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ پیر کو تم ہم مٹھائی کھائیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے صوبے میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کردی۔

22 گریڈ کے افسر نے میرے ملک کو تباہ کردیا، اعظم سواتی

عدالت میں سماعت کے لیے پیش ہونے والے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 22گریڈ کے افسر نے میرے ملک کو تباہ کردیا ہے، ان لوگوں کی وجہ سے عوام کے دلوں میں نفرت پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مودی کا ایجنڈا ہو سکتا ہے آپ کا نہیں ہونا چاہیے، آپ اپنے عہدے کا احترام کرتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری کریں، آپ محب وطن ہیں ہمیں آپ پر فخر ہے لیکن قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے۔

اعظم سواتی نے مزید کہا کہ ملک کا سزا یافتہ مجرم ملک سے باہر عیاشیاں کر رہا ہے، ملک کے لوٹے ہوئے پیسوں پر عمرے کر رہا ہے، اس کو کوئی کچھ نہیں کہتا لیکن عمران خان کو زخمی حالت میں عدالتوں میں بلایا جاتا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ رویہ مناسب نہیں، عمران خان کے ایک بال کو بھی کچھ ہوا تو ملک کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز قوم کو عمران خان کی کال پر اٹھنا ہوگا، ملک کے آئین و قانون کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا کوئی گناہ نہیں ہے، عدالتوں کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔

گورنر عدالت کا وقت ضائع کر رہا ہے، اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، مشتاق غنی

سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے کہا کہ گورنر کی جانب سے جواب نہ آنے پر ایک بار پھر سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا تھا کہ گورنر کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر عدالت کا وقت ضائع کر رہا ہے، اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

مشتاق غنی نے کہا کہ یہ کچھ بھی کرلیں عمران خان بھاری اکثریت سے حکومت میں آئے گا، آج کل کے حالات اس نااہل حکومت کی وجہ سے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے، ہمیں عدالت الیکشن کی تاریخ دے گی، عمران خان کی کال پر چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہفتے کے روز نکلیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024