• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں بارش کا نیا سلسلہ، کراچی میں 28 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

شائع April 26, 2023
کراچی میں گزشتہ ماہ بھی بارش ہوئی تھی —فائل/فوٹو: ثوبیہ شاہد
کراچی میں گزشتہ ماہ بھی بارش ہوئی تھی —فائل/فوٹو: ثوبیہ شاہد

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کل سے بارش کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں 28 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے اور سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مغربی سسٹم بحیرہ عرب میں داخل ہونا شروع ہو گیا اور اس کے اثرات کراچی اور گوادر میں آنا شروع ہوگئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 2019 کے بعد یہ اب تک کا سب سے طاقتور سسٹم بننے کا امکان ہے، اس سسٹم کا پھیلاؤ بھی بہت زیادہ ہے جس سے کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ27 اپریل کو (شام یا رات) سے 3 مئی کے دوران سندھ کے مختلف شہروں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، خیرپور، عمرکوٹ، تھرپارکر، مٹیاری، ٹنڈوجام اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا کہ کراچی میں 28 اپریل سے گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے، تاہم 27 اپریل تک موسم سخت گرم ہوگا اور درجہ حرارت 36سے 38 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران دن کے وقت سمندری ہوائیں بند رہیں گی اور اس دوران بلوچستان میں گرم اور خشک ریگستانی شمال مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد تک بڑھنے کے باعث گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس ہوسکتی ہے لیکن اس دوران ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے سمندر میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے اسی لیے تمام ماہی گیروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مغربی سسٹم نے کراچی کو متاثر کیا تو شہر میں سیلابی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ٹوئٹر پر بتایا کہ 27 اپریل کو شام سے 3 مئی کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، ڈی جی خان، بہاولنگر اور ساہیوال میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسی دوران بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، نوشکی، نصیر آباد، سبی، خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، خاران اور ساحل مکران میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ آج شام سے 29 اپریل تک پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 26 اپریل کو شام سے 29 اپریل تک کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور اور گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 30 اپریل سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگا اور کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران ’الرٹ‘ رہنے اور بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ ماہ (22 مارچ کو) بھی بارش ہوئی تھی اور رمضان کی آمد کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا تھا۔

شہر میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024