• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

کومل رضوی نے عید کے موقع پر دوسری شادی کرلی

شائع April 23, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

گلوکارہ، اداکارہ و میزبان کومل رضوی نے عید الفطر کے موقع پر پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخص سے دوسری شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔

کومل رضوی نے 2012 میں انتہائی کم عمری میں خاندان کی پسند سے پہلی شادی کی تھی، جس کے بعد پہلے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بعد ازاں عمان منتقل ہوگئی تھیں، تاہم 2019 میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

کچھ ہفتے قبل ہی کومل رضوی نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ شادی کے بعد وہ چار سال تک نہ چاہتے ہوئے بھی ذہنی طور پر بیمار شخص کا تشدد برداشت کرتی رہیں، جس پر انہیں افسوس ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ اگر وہ شوہر کو کبھی ٹھنڈا کھانا پیش کرتیں تو انہیں وہ فرائی پان دے مارتے اور شوہر کی جانب سے جسمانی تشدد کیے جانے کے بعد ہی انہوں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا۔

طلاق کے چار سال بعد اب اداکارہ نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخص سے دوسری شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔

اداکارہ نے 20 اپریل کو انسٹاگرام پر دولہے کے ہمراہ شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو نئی زندگی سے متعلق آگاہ کیا۔

تصاویر میں انہیں شوہر کے ہمراہ رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے شادی کی تصاویر کے بعد اپنی ڈھولکی کی تصاویر بھی شیئر کیں، جس میں انہیں اور ان کے شریک سفر کو انتہائی خوش مزاج میں دیکھا جاسکتا ہے۔

کومل رضوی نے اگرچہ شادی کی تصاویر شیئر کیں، تاہم انہوں نے شوہر سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی، تاہم ذرائع کے مطابق ان کے شوہر ٹیکنالوجی کی صنعت کے اہم ترین کاروباری شخص ہیں۔

ذرائع کے مطابق کومل رضوی کے شوہر علی اُپل ٹیکنالوجی کمپنی کے مالک اور سرمایہ کار ہیں اور وہ کیلی فورنیا میں رہائش پذیر ہیں۔

کومل رضوی کی جانب سے دوسری شادی کی تصاویر شیئر کیے جانے پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی، تاہم بعض لوگوں نے ان کے شوہر کے حوالے سے نامناسب کمنٹس بھی کیے اور لکھا کہ اگر مذکورہ شخص کے پاس دولت نہ ہوتی اور وہ امریکی شہری نہ ہوتے تو اداکارہ انہیں اپنا ڈرائیور بھی نہ رکھتیں۔

خیال رہے کہ کومل رضوی نے 1996 کے مقبول گانے ’باؤجی باؤجی‘ سے شہرت حاصل کی، ساتھ ہی ان کے اس وقت کے مقبول ڈرامے ’ہوائیں‘ میں ان کے کردار کو کافی سراہا گیا، جس وجہ سے ان کی مقبولیت میں اور اضافہ ہوا۔

کومل رضوی نے انتہائی کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں جب کہ وہ ٹی وی پر میزبانی بھی کر چکی ہیں۔

کومل رضوی کوک اسٹوڈیو میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں، ماضی میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ امیتابھ بچن نے انہیں اپنے ساتھ فلم میں کام کی پیش کش بھی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024