• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

زندہ اور خیریت سے ہوں، اکاؤنٹ ہیک کرکے موت سے متعلق بیان جاری کیا گیا، سعیدہ امتیاز

شائع April 18, 2023 اپ ڈیٹ April 19, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نژاد امریکی و پاکستانی اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ وہ زندہ اور خیریت سے ہیں، کسی نے ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرکے ان کی موت سے متعلق جھوٹا بیان جاری کیا تھا۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کوئی ایسا کیوں کرے گا، وہ آج صبح بیدار ہوئیں تو لوگوں کی طرف سے کالز اور پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے اور میری خیریت کے بارے میں پوچھتے رہے، انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے مجھے صدمہ پہنچایا‘۔

انہوں نے کہا کہ میری موت کی خبر نے والدہ اور بہن بھائیوں کو پریشان کردیا تھا جو بیرون ملک مقیم ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ کسی نے ان کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کرلیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کسی کو چھیڑنا یا تنگ کرنا سمجھ آتا ہے لیکن کسی کو اس حد تک ڈرانا دھمکانا، سمجھ سے باہر ہے جس سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو اتنی تکلیف پہنچی ہے، آپ نہیں جانتے کہ سامنے والا شخص کس کیفیت اور صورتحال سے گزر رہا ہے۔‘

اس سے قبل سعیدہ امتیاز کے اچانک انتقال کر جانے اور ان کی لاش ان کے کمرے سے ملنے کی خبر ان کے آفیشل انسٹاگرام اور فیس بک پیج سے شیئر کی گئی تھی۔

انسٹاگرام پوسٹ میں مختصر بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کو ان کے کمرے سے مردہ حالت میں برآمد کیا گیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پوسٹ میں اداکارہ کی موت سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی یہ بتایا گیا تھا کہ ان کی موت یو اے ای میں ہوئی یا امریکا میں؟ تاہم اب انہوں نے اس طرح کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

سعیدہ امتیاز متحدہ عرب امارات سمیت امریکا میں بھی زندگی گزارتی رہی ہیں، ان کی پیدائش یو اے اے میں ہوئی، تاہم ان کی پرورش امریکا میں ہوئی، ان کے پاس دونوں ممالک کی شہریت ہے۔

سعیدہ امتیاز کشمیری والدین کے ہاں یو اے ای میں پیدا ہوئیں اور امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ دوبارہ متحدہ عرب امارات آئیں اور چند سال قبل انہوں نے پاکستانی فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا۔

سعیدہ امتیاز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی زندگی پر بنائی گئی بائیوگرافی فلم ’کپتان‘ میں بھی کام کیا تھا اور اس میں انہوں نے جمائما کا کردار ادا کیا تھا اس کے علاوہ وہ دیگر پاکستانی فلموں میں بھی ادکاری کے جوہر دکھاچکیں ہیں۔

سعیدہ امتیاز نے جاوید شیخ کی ہدایت اور پروڈیوس کردہ فلم ’وجود‘ میں بھی کام کیا اور وہ جلد ہی شہروز سبزواری کے ساتھ کامیڈی فلم ’قلفی‘ میں بھی دکھائی دینے والی ہیں۔

علاوہ ازیں سعیدہ امتیاز نے بھارت میں بھی متعدد شارٹ فلموں سمیت دیگر منصوبوں میں کام کیا اور انہوں نے چار سال تک شوبز کیریئر کے حوالے سے بھارت میں گزارے۔

سعیدہ امتیاز سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں اور وہ مداحوں کو باخبر اور خوش رکھنے کے لیے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

بعض مرتبہ انہیں ان کی بولڈ ویڈیوز اور تصاویر کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا، تاہم انہوں نے کبھی مداحوں کی ناراضی پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

سعیدہ امتیاز نے انتقال کی خبر شیٕر کیے جانے سے قبل بھی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے تنہائی کا ذکر کیا تھا، تاہم انہوں نے کبھی حالیہ دنوں میں ڈپریشن یا کسی اور طرح کی پریشانی یا بیماری کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

سعیدہ امتیاز کے اچانک انتقال کی خبر شیٕر ہونے پر شوبز شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی عافیت کی دعائیں بھی کی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024